بہت زیادہ فرصت بھی صحت کےلیے نقصان دہ ہے، تحقیق

امریکی ماہرین نے دریافت کیا ہے کہ ہر وقت شدید مصروفیت کی طرح بہت زیادہ فراغت بھی صحت کےلیے نقصان دہ ہوتی ہے جس کا نتیجہ اعصاب پر مسلسل دباؤ کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے۔

یہ تحقیق ’’جرنل آف پرسنیلٹی اینڈ سوشل سائیکالوجی‘‘ کے تازہ شمارے میں شائع ہوئی ہے جس کی مقالے میں بتایا گیا ہے کہ روزانہ کئی گھنٹے فارغ رہنے والوں میں اپنے ’’فضول‘‘ اور ’’ناکارہ‘‘ ہونے کا احساس جنم لیتا ہے جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ شدید تر ہو کر، ذہنی و جسمانی کے مختلف مسائل کی وجہ بنتا ہے۔

اس تحقیق میں ملازمت پیشہ اور کاروباری امریکیوں پر کیے گئے مختلف مطالعات سے جمع کی گئی معلومات کا جائزہ لیا گیا۔

ان میں سے ایک مطالعہ 2012 سے 2013 کے درمیان کیا گیا تھا جس میں 21,736 امریکیوں میں مصروفیت اور فراغت کے بارے میں معلومات حاصل کی گئی تھیں۔ دوسرے مطالعے میں اگرچہ 13,639 افراد شریک تھے لیکن وہ 1992 سے 2008 تک، یعنی 16 سال کی طویل مدت کا احاطہ کرتا تھا۔مرکزی مصنفہ مریسا شریف ہیں جن کا تعلق یونیورسٹی آف پنسلوانیا سے ہے۔