خصوصی افراد سب کی مشترکہ ذمہ داری، عبید اللہ بیگ،فتح اللہ خان

سینئر صوبائی وزیر کرنل (ر) عبیداللہ بیگ اور صوبائی وزیر ترقیات ومنصوبہ بندی فتح اللہ خان نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کی مدد کرنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں، ان خیالات کااظہار انہوں نے چنار باغ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔  سینئر صوبائی وزیر کرنل (ر)عبید اللہ بیگ نے کہا کہ خصوصی افراد کی مدد ہم سب کی زمہ داری ہے خصوصی افراد کو معاشرے کا کار آمد شہری بنانے کے لئے حکومت تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ہنزہ میں 3 ہزار سے زائد خصوصی افراد ہیں جن کے لئے ایک پرائمری سکول تک نہیں ہے مگر کاڈو کی جانب سے ہنر سیکھا کر انہیں کارآمد شہری بنایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ترقیات ومنصوبہ بندی فتح اللہ خان نے کہا کہ خصوصی افراد کی مدد کے لئے صوبائی حکومت انکے ساتھ کھڑی ہے تعلیم، حصول روزگار اور دیگر مسائل کے حل کے لئے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ تقریب سے سیکرٹری محکمہ سماجی بہبود رحمان شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افراد باہم معذور کی فلاح و بہبود اور انکے مسائل حل کرنے کے لئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ میں گلگت بلتستان کے 13 ہزار 280 افراد رجسٹرڈ ہیں۔ خصوصی افراد کے لئے مختلف میگا منصوبوں اور ری ہبلیٹیشن سنٹر کے قیام کے لئے کام کر رہے ہیں۔ تقریب میں میزبانی کے فرائض ڈپٹی ڈائریکٹر مجاہد علی شاہ نے سرانجام دیئے۔ جبکہ وزیر اعلی نے خصوصی افراد میں ویل چیئرز تقسیم کیں۔