اداکارہ اریج فاطمہ کورونا کا شکار ہوگئیں

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اریج فاطمہ تمام تر احتیاطی تدابیر کے باوجود کینیڈا میں کورونا کا شکار ہوگئیں۔ اریج فاطمہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر کینیڈا سے کورونا ٹیسٹ کرتے ہوئے اپنی ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔انہوں نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد رواں ہفتہ بہت ہی مشکل تھا۔اداکارہ نے بتایاکہ وہ تمام تر احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کے باوجود کورونا وائرس کا شکار ہوگئی ہیں۔ اریج فاطمہ نے لکھا کہ اس سے اگلے دن ان کے بیٹے عیسیٰ کو بخار ہوگیا اور ان کا سارا دھیان اگلے تین دن تک بیٹے کی طرف رہا اور پھر اچانک ان کے شوہر عزیر کو بھی ان کی وجہ سے کورونا ہوگیا۔اداکارہ نے اپنی پوسٹ کے آخر میں  لکھا کہ ان کی فیملی کے تمام افراد میں کورونا کی علامات ایک دوسرے سے مختلف تھیں،  لیکن الحمدللہ اب ہم صحت یاب ہو رہے ہیں۔واضح رہے اریج فاطمہ اپنے شوہر عزیر علی اور بیٹے عیسیٰ کے ہمراہ کینیڈا میں اپنے سسرال والوں سے ملنے کے لیے گئی تھیں۔