Image

پاکستان میں انٹرنیٹ سروس مکمل بحال کردی گئی، پی ٹی اے


پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں تمام ٹیلی کام ٹریفک کو معمول کے مطابق بحال کردیا گیا ہے۔


پاکستان کے مختلف شہروں میں منگل کی سہ پہر سے انٹرنیٹ سروس سُست ہونے کی شکایات موصول ہوئی تھیں، جن میں کراچی، لاہور، اسلام آباد، ملتان، راولپنڈی کے علاوہ دیگر بڑے شہر شامل تھے، جہاں ساڑھے 4 بجے کے بعد سے انٹرنیٹ ٹریفک متاثر ہوئی۔


انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کے بعد منگل کے روز 5 سے 6 بجے کے دوران کراچی، پشاور اور اسلام آباد کے صارفین نے واٹس ایپ کے دستیاب نہ ہونے کے ساتھ کئی ایپ کے کام نہ کرنے اور یوٹیوب پر اپ لوڈنگ نہ ہونے کی بھی شکایات کیں۔


اب پی ٹی اے نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بتایا ہے کہ مصر کے قریب اے اے ای-1 اور ایس ای اے ایم ای ڈبلیو ای-5 میں قبل ازیں رپورٹ ہونیوالے متاثرہ دو حصوں کی مرمت کردی گئی ہے۔


پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ اٹلی کے قریب آئی ایم ای ڈبلیو ای میں ایک اور متاثرہ حصے کی مرمت جاری ہے، تاہم پاکستان میں تمام ٹیلی کام ٹریفک کو معمول کے مطابق بحال کردیا گیا ہے۔