Image

حکومت سروس ٹیکسز کےلئے کام کرے، ساتھ دیں گے، امجد ایڈووکیٹ

قائد حزب اختلاف گلگت بلتستان اسمبلی امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں مقامی آمدن پیدا کرنے کیلئے حکومت کا ساتھ دینے کیلئے تیار ہیں۔اسمبلی اجلا سے خطاب کرتے ہوئے امجدایڈووکیٹ نے کہا کہ مقامی آمدن کیلئے سروسز ٹیکسز کی طرف آنا ہوگا، سروسز ٹیکسز کے ذریعے مقامی آمدن پیدا کرنے کیلئے حکومت کام کرے، اپوزیشن بھرپور ساتھ دے گی، کیوں کہ گلگت بلتستان گرانٹ ان ایڈ پر چلنے والا صوبہ ہے، وفاق سے ملنے والی گرانٹ کیساتھ ساتھ مقامی آمدن پیداہو تو خسارے کا بجٹ دینے کی نوبت نہیں ہوگی، حکومت نے فنانس بل نہیں بلکہ الفاظ کا ہیرا پھیر اورروایتی بجٹ دیا ہے، اس طرح کے بجٹ سے گلگت بلتستان کے مسائل حل ہونے کے بجائے بڑھ جائیں گے، قائد حزب اختلاف نے مزید کہا کہ سیاحت کے شعبے میں حکومت کو سنجیدگی کیساتھ اصلاحات لانے کی ضرورت ہے کیوں کہ اگر گلگت بلتستان میں سیاحت کے شعبے میں آمدن پیدا کرنے کے مواقع کو مدنظر رکھتے ہوئے اصلاحات ہوئےں تو ہمارا معاشی نظام بھی بہتر ہوگا، انہوں نے کہاکہ سیاحت میں پولیس فورس کے نام پر ٹوریسٹ پولیس بھرتی کرنے کے بجائے گلگت بلتستان میں سیاحوں کی آسانی کیلئے سائن بورڈ، انفارمیشن سنٹرز، پبلک واش رومز اور تاریخی مقامات کی تشہیر کی جائے تاکہ یہاں پر سیاحت کو فروغ مل سکے، قائد حزب اختلاف نے کہاکہ گلگت بلتستان کے تمام محکموں کیلئے ملازمین کو یکساں وسائل اور مراعات دینا ضروری ہے تاکہ ملازمین میں تفریق نہ ہو۔