Image

عوام کو مہنگائی کے مزید ٹیکے لگیں گے، شیخ رشید

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عوام کو مہنگائی کے اور ٹیکے لگیں گے،عوام کو ریلیف نہیں تکلیف ملے گی، لوگ گھریلو سامان بیچ کر گزارا کررہے ہیں، ووٹ بیچنے والے کو عہدے اور پارٹی ٹکٹ مل رہے ہیں، عنقریب حکومت کا سیاسی جنازہ دھوم سے نکلے گا،ملک کو شدید ترین معاشی، سیاسی اور اقتصادی بحران میں ڈال جائیں گے۔ جمعہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ پیٹرول میں15 روپے اور ڈیزل میں14 روپے اضافے کے بعد جولائی میں مہنگائی کے اور ٹیکے لگیں گے۔ انہوں نے کہا عوام کو ریلیف نہیں تکلیف ملے گی، لوگ گھریلو سامان بیچ کر گزارا کررہے ہیں اور ابھی بجلی کا بل بھی آنا ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ ووٹ بیچنے والے کو عہدے اور پارٹی ٹکٹ مل رہے ہیں، عنقریب حکومت کا سیاسی جنازہ دھوم سے نکلے گا۔ سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ ایک ڈمی حکومت ہے جس کا ایجنڈہ صرف اپنے کیس ختم کرنا اور آئی ایم ایف کے اشاروں پر ناچنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں کوئی غرض نہیں کہ غریب پر کیا بیت رہی ہے، یہ اپنا ملبہ دوسروں پر ڈال کر خود چلے جائیں گے اور ملک کو شدید ترین معاشی، سیاسی اور اقتصادی بحران میں ڈال جائیں گے، ضمنی الیکشن چوری کرنے کی کوشش کریں گے۔