Image

کابینہ کی خصوصی کمیٹی کا سیف سٹی کنٹرول روم کا دورہ،انتظامات پر اظہار اطمینان

 کابینہ کی خصوصی کمیٹی برائے محرم الحرام  نے سیکریٹری داخلہ آفس میں قائم کنٹرول روم اور سیف سٹی کنٹرول روم کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے حوالے سے سیکورٹی انتظامات کا تفصیلی  جائزہ لیا۔سیکریٹری داخلہ  نے  سیکورٹی کے انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، کابینہ کی خصوصی کمیٹی نے سیکریٹری داخلہ کی طرف سے محرم الحرام میں سیکورٹی کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہا۔تفصیلات کے مطابق آج مورخہ 4 اگست 2022 کو کابینہ کی خصوصی کمیٹی برائے محرم الحرام نے سیکریٹری داخلہ کے آفس میں قائم کنٹرول روم اور سیف سیٹی کنٹرول روم کا تفصیلی دورہ کیا خصوصی کمیٹی میں سینئر وزیر کرنل ریٹایرڈ عبید اللہ بیگ، ڈپٹی سپیکر نزیر احمد، وزیر اطلاعات، منصوبہ بندی و ترقی فتح اللہ خان، وزیر مالیات جاوید حسین منوا، وزیر پانی و بجلی مشتاق حسین، وزیر زراعت کاظم میثیم ،مشیر قانون سید سہیل عباس، معاون خصوصی الیاس صدیقی و دیگر شامل تھے۔ سیکریٹری داخلہ گلگت بلتستان اقبال حسین نے خصوصی کمیٹی کو کنٹرول روم اور دیگر انتظامات کے حوالے سے  تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے حوالے سے تمام تر انتظامات مکمل ہیں اور گلگت بلتستان کے حالات مکمل انتظامیہ کی کنٹرول میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام مجالس کی بہتر انداز میں نگرانی کی جارہی ہے گلگت بلتستان کے  تمام اضلاع میں کنٹرول روم بنائے گئے ہیں اور تمام اضلاع کے کنٹرول رومز کے ساتھ رابطے میں ہیں، ہر دو گھنٹے بعد تمام اضلاع سے  مجالس کی سیکورٹی کے حوالے سے  انفارمیشن لے رہے ہیں اور انکی ڈیجیٹل اور لائیو رپورٹینگ لے رہے ہیں، تمام اضلاع کے کنٹرول رومز کے نمبر شیئر کئے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں بروقت اطلاع ملے اور کسی بھی صورت حال سے نمٹا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے پی آر اوز ہمہ وقت  مجالس کی خصوصی کوریج دے رہے ہیں جس سے بروقت صحیح اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔ کابینہ کی خصوصی کمیٹی نے سیکریٹری داخلہ کی طرف سے محرم الحرام کی مناسبت سے قائم کنٹرول رومز اور دیگر اٹھائے جانے والے انتظامات و اقدامات کو سراہا اور قابل ستائش قرار دے دیا۔ علاوہ ازیں کابینہ کی خصوصی کمیٹی نے سیف سٹی کنٹرول روم کا بھی دورہ کر کے سیکورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر سیف سٹی کنٹرول روم کے انچارج نے سی سی ٹی وی کیمروں کے حوالے سے  تفصیلی بریفنگ دی اور سیف سٹی کنٹرول روم میں ڈیوٹی پر موجود سٹاف کا تعارف کرایا اور کیمروں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جس پر کابینہ کی خصوصی کمیٹی نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس کو  مزید بہتر بنانے کی تجویز دی۔