نوجوانوں کو روشن مستقبل کے انتخاب میں گلگت بلتستان میں جاری کیریئر فیسٹ انتہائی معاون ثابت ہوگا،وزیر اعلیٰ



گلگت:وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو روشن مستقبل کے انتخاب میں گلگت  بلتستان میں جاری کیریئر فیسٹ انتہائی معاون ثابت ہوگا۔ روشن مستقبل کیلئے خواب دیکھنا اور اس کی تعبیر کیلئے جدوجہد کرنا لازمی ہے ۔ کامیاب زندگی اور مقصد میں کامیابی کیلئے نظم و ضبط کا ہونا بھی لازمی ہے کیریئر فیسٹ 2022کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے  وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے کہاکہ روایتی نظام تعلیم کو بدل رہے ہیں۔ سرکاری سکولوں میں 144کمپیوٹر لیب قائم کی ہیں۔ صوبے کے تمام سرکاری سکولوں میں کمپیوٹر لیب اور لائبریریز قائم کریں گے۔ ڈگری کالجز اورکالجز میں ورچوئل یونیورسٹی لیب بنارہے ہیں۔ سکولوں میں قائم کمپیوٹر لیب بھی کو ورچوئل یونیورسٹی سے منسلک کیا جائے گا۔ گلگت میں میڈیکل کالج کی کلاسوں کا جلد آغاز ہوگا۔  بلتستان میں بھی پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے میڈیکل کالج کا قیام عمل میں لارہے ہیں۔ بی ایس این نرسنگ کلاسز شروع کرنے کیلئے وائس چانسلر قراقرم یونیورسٹی سے بات کی ہے بہت جلد قراقرم یونیورسٹی میں بی ایس این نرسنگ کلاسز شروع کی جائیں گی ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آئندہ 15 سالوں میں گلگت  بلتستان کو تمام صوبوں کیلئے رول ماڈل صوبہ بنائیں گے۔ دریں اثناء خالد خورشید نے گلگت  بلتستان میں ورچوئل یونیورسٹی کے کیمپس کے قیام کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کے موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ آن لائن ایجوکیشن کی وجہ سے دنیا میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ گلگت  بلتستان میں بھی ورچوئل یونیورسٹی کے تعاون سے اعلیٰ تعلیم اور سکل ایجوکیشن میں انقلاب لایا جاسکتا ہے۔ کئی ممالک میں گورننس کا مکمل نظام آئی ٹی کے ذریعے چلایا جاتا ہے۔ ورچوئل یونیورسٹی کے تعاون سے گلگت  بلتستان میں مختصر مدت میں دور دراز علاقوں میں آن لائن کورسز اور اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم  کئے جاسکتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے کہا کہ صوبائی حکومت گلگت  بلتستان کے مختلف علاقوں میں ورچوئل یونیورسٹی کے لیب کے قیام کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ پہلے مرحلے میں صوبے کے ڈگری کالجز اور کالجز میں ورچوئل یونیورسٹی کے لیب قائم کئے جائیں گے جن کو بتدریج سکولوں تک وسعت دی جائے گی۔ حکومت کی خواہش ہے کہ آئندہ 15 سالوں میں گلگت  بلتستان کے تمام بچے انفارمیشن ٹیکنالوجی پر مکمل عبور حاصل کریں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گلگت  بلتستان میں ورچوئل یونیورسٹی لیب کے قیام اور اعلیٰ تعلیم کیلئے وائس چانسلر ورچوئل یونیورسٹی، وائس چانسلر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی، صوبائی سیکریٹری تعلیم، سیکریٹری خزانہ اور سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی پر مشتمل اعلیٰ سطحی کمیٹی 10 دنوں میں اپنی سفارشات کو تیار کرکے پیش کرے گی۔ اجلاس میں پارلیمانی سیکریٹری برائے تعلیم ثریا زمان، معاون خصوصی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی محمد علی قائد، چیف سیکریٹری گلگت  بلتستان، ایڈیشنل چیف سیکریٹری، وائس چانسلر قراقرم یونیورسٹی، وائس چانسلر ورچوئل یونیورسٹی ، سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی نے شرکت کی۔ادھروزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے گلگت  بلتستان پبلک پروکیورمنٹ ایکٹ 2021 پر عملدرآمد اور اتھارٹی کے قیام کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دیگر صوبوں کی طرز پر گلگت  بلتستان پبلک پروکیورمنٹ ایکٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس سے شفافیت اور ترقی کے عمل میں تیزی آئے گی۔ وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے صوبائی سیکریٹری خزانہ کو ہدایت کی کہ پبلک پروکیورمنٹ ایکٹ 2021 پر عملدرآمد اور اتھارٹی کے قیام کے عمل کو تیز کریں۔ وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے کہاکہ گلگت  بلتستان میں پائیدار تعمیر و ترقی کیلئے سیاسی جماعتوں اور سٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور اتفاق رائے سے گلگت  بلتستان ویژن 2050 بنائیں گے تاکہ گلگت  بلتستان میں تعمیر و ترقی کا تسلسل جاری رہے۔