Image

وفاق کے ساتھ بہتر تعلقات کےلئے کردار ادا کروں گا، گورنر

گلگت بلتستان کے نئے تعینات ہونے والے گورنرسید مہدی شاہ نے گلگت بلتستان کے گورنر کی حیثیت سے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ جمعرات کے روز گورنر ہاو¿س گلگت میں نئے گورنر کی حلف برداری ہوئی جس میں سپریم اپیلیٹ کورٹ گلگت بلتستان کے چیف جج وزیر شکیل نے گورنر سید مہدی شاہ سے حلف لیا حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعلیٰ خالد خورشید خان، سپیکر صوبائی اسمبلی امجد زیدی ، صوبائی وزرائ،فورس کمانڈر میجر جنرل جواد احمد، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین وانی ، آئی جی پولیس سعید وزیر ، سابق نگران وزیر اعلی ڈی آئی جی ریٹائرڈ میر افضل، چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز، اپوزیشن لیڈر و صدر پیپلز پارٹی گلگت بلتستان امجد حسین ایڈوکیٹ سمیت اہم سیاسی و سماجی شخصیات، سیاسی جماعتوں کے رہنماو¿ں ، سول و ملٹری افسران کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔خیال رہے کہ گلگت بلتستان میں وزیر اعلیٰ اور گورنر کے عہدے 2009 میں سیاسی اصلاحات کے بعد متعارف کئے گئے تھے سید مہدی شاہ کو گلگت بلتستان کا پہلا وزیر اعلیٰ بننے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ گورنر کا حلف اٹھانے کے بعد گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا کہ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کیلئے وفاقی حکومت سے مسلسل رابطے میں رہوں گا اور وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت کے مابین بہترین تعلقات قائم کرنے میں بھرپور کردار ادا کریں گے تاکہ گلگت بلتستان کے عوام کو درپیش مسائل کو فوری طور پر حل کیا جاسکے۔گورنر گلگت بلتستان نے اپنی تعیناتی پر وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف ، شریک چیئر مین پیپلز پارٹی آصف علی زرداری، چیئر مین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو، مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ سمیت دیگر شخصیات کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔