Image

پاکستان کے دوکھلاڑی انگلینڈ کی پوری ٹیم پر بھاری، شاہینوں کی دس وکٹوں سے فتح

دوسرے ٹی 20 میچ میں بابر اعظم کی ناقابل شکست سنچری اور محمد رضوان کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے انگلینڈ کا 200 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے  گئے دوسرے ٹی 20 میچ میں بابر اعظم پاکستان جبکہ معین علی نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی کپتانی کے فرائض انجام دیئے۔مہمان ٹیم کی جانب سے الیکس ہیلز اور فل سالٹ نے اننگز کا آغاز کیا جبکہ پاکستان کے محمد حسنین نے پہلا اوور کرایا۔46 کے مجموعی سکور پر انگلینڈ کے دو کھلاڑی شاہنواز دھانی کی مسلسل دو گیندوں پر کلین بولڈ ہوکر پویلین لوٹے، الیکس ہیلز 1 چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 21 گیندوں پر 26 رنز بناسکے جبکہ ڈیوڈ ملان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، فل سالٹ 30 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔بین ڈکٹ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 7 چوکوں کی مدد سے 22 گیندوں پر 43 رنز بناکر محمد نواز کی گیند پر بولڈ ہوئے، ہیری بروک 3 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے 19 گیندوں پر 31 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔اس طرح مہمان ٹیم نے 20 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 199 رنز بنائے، معین علی 4 چھکوں، 4 چوکوں کی مدد سے 23 گیندوں پر 55 اور سیم کرن 10 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔پاکستان کی جانب سے شاہنواز دھانی اور حارث رؤف نے 2،2 جبکہ محمد نواز نے ایک وکٹ حاصل کی۔200 رنز ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی جانب سے بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا جبکہ ڈیوڈ ویلے نے پہلا اوور کرایا۔محمد رضوان نے ایک مرتبہ پھر شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے اپنی نصف سنچری سکور کی جبکہ بابر اعظم نے بھی 1 چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 39 گیندوں پر ففٹی مکمل کی۔میچ میں کپتان بابر اعظم نے ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے ٹی 20 کیریئر میں 8 ہزار رنز بنالئے، اس طرح وہ کرس گیل کے بعد 218 اننگز میں یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے دوسرے بلے باز بن گئے ہیں۔قومی ٹیم کے کپتان نے دھواں دار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 62 گیندوں پر سنچری مکمل کی، وہ بطور کپتان دو سنچریاں بنانے والے دنیا کے پہلے بیٹر بھی بن گئے۔