کوٹہ بحالی میں صوبائی حکومت کا کوئی کردار نہیں، جمیل احمد


 پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے سینئر نائب صدر و سابق ڈپٹی اسپیکر جمیل احمد نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ٹھیکوں کی بندر بانٹ اور عوام کا خون چوسنے کے علاو ¿ہ کچھ نہیں کررہی ہے گندم کوٹے میں اضافہ صوبائی حکومت کے ہاتھ میں نہیں ہے بلکہ وفاقی حکومت کے پاس اختیار ہے گندم کے کوٹے میں اضافہ وفاقی حکومت نے کیا ہے پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت نے تو گندم میں کٹ لگاکر عوام کو گندم دانے دانے کے کے لئے محتاج کیا تھا۔ کے پی این سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت کوئی بھی شعبہ ترقی نہیں کررہا ہے اور وزیر اعلی بیان بازی کے علاو ¿ہ کچھ نہیں کررہے ہیں حکومت نام کی صوبے میں کوئی چیز کی نہیں ہے بلکہ یکطرفہ گنگا بہ رہی ہے جہاں صرف وزیر اعلی ہاتھ دھو رہا ہے باقی ان کے وزرا بھی خالی ہاتھ مجبوری میں وزیر اعلی کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے ہر محکمے میں اپنے کام کروانے کے لئے وزیر اعلی آئے روز تبادلے کررہے ہیں گلگت بلتستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ تبادلے موجودہ وزیر اعلی نے کیا ہے تبادلے کا مقصد محکموں میں اصلاحات لانا نہیں ہے بلکہ اپنے ذاتی کام نکالنا ہے چپڑاسی سے سیکرٹری سطح پر اپنے کام نہ ہونے پر تبادلے کررہا ہے اور تقاریر میں اپنے آپ کو دودھ کا دھلا ہوا پیش کررہا ہے پہلے وہ خود دیکھ لیں کہ اس وقت گلگت بلتستان میں ترقیاتی کام التوا کا شکار ہے سابقہ حکومتوں کے کاموں کو بھی روک کر اپنے فرمائشی پروگرام پر کام کررہا ہے گلگت بلتستان میں ہرطرف عوام سراپا احتجاج ہیں اور وزیر اعلی کو اپنے علاقے کے عوام کے بجائے عمران خان کی چوکیداری عزیز ہے عمران خان کی چوکیداری کے لئے گلگت بلتستان کا بجٹ خرچ کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہچایا ہے اور گلگت بلتستان کو خالد خورشید نے تباہی کے دہانے پر پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں روزگار کے لئے پرائیویٹ سیکٹر نہیں ہے اور جتنے بھی روزگار کے مواقع فراہم ہوئے ہیں وہ سابقہ حکومتوں نے کیا ہے ایسے میں اب وزیر اعلی بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر گلگت بلتستان کے ملازمین کی گنتی گن رہے ہیں تاکہ عوام کو روزگار دینے کا عوام کو بتائے وزیر اعلی خود اقرار کر رہے ہیں کہ سابقہ حکومتوں نے روزگار دیا ہے اور موجودہ حکومت نے صرف عوام کو محرومیاں دی ہیں یہ پی پی پی کی کامیابی ہے کہ انہوں نے گلگت بلتستان کو شناخت کے ساتھ عوام کو نوکریوں کی شکل میں روزگار دیا۔