102

افغانستان : بلخ میں فوجی پوسٹ پر مسلح افراد نے دھاوا بول دیا ،اہلکار ہلاک

کابل(آئی این پی) افغانستان کے صوبے بلخ میں فوجی پوسٹ پر مسلح افراد نے دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں 7اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ افغان میڈیا کے مطابق بلخ کے ضلع چمتل میں فوجی چیک پوسٹ پر طالبان جنگجووں نے حملہ کردیا، حملہ اتنا اچانک تھا کہ فوجی اہلکاروں کو سنبھلنے کا موقع نہیں مل سکا تاہم فوجی اہلکاروں کی جانب سے بھی مزاحمت دکھائی گئی۔دو طرفہ جھڑپ ایک گھنٹے تک جاری رہی جس کے دوران 7افغان فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے جب کہ 10سے زائد زخمی ہیں۔ حملہ آور کارروائی کے بعد سرکاری اسلحہ اور افغان فوج کی گاڑی بھی اپنے ہمراہ لے گئے۔صوبے بلخ کے گورنر کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فوجی اہلکاروں نے طالبان حملہ آور کے خلاف سخت مزاحمت دکھائی، جوابی کارروائی میں 5جنگجو مارے گئے جن میں طالبان کا ضلع چہار بولاک کا خودساختہ ڈپٹی گورنر بھی شامل ہے۔دوسری جانب طالبان کی جانب سے حملے کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ادھر دوحہ میں امریکی نمائدہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد اور افغان طالبان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں فروری 2020میں ہونے والے امن معاہدے سے وابستہ رہنے پر اتفاق ہوا ہے۔