35

تانگیر بجلی منصوبہ، کالونی کیلئے اراضی دینے پر مقامی آبادی کے تحفظات

جنرل منیجر / پروجیکٹ ڈائریکٹر دیامر بھاشا ڈیم پروجیکٹ واپڈا راؤ محمد یوسف اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ضلع دیامر ابوبکر نے 21 میگاواٹ تانگیر پاور پروجیکٹ سائٹ کا مشترکہ دورہ کیا ان کے ہمرا ایڈیشنل چیف انجنیئر واپڈا، ڈائریکٹر سیکیورٹی واپڈا و دیگر افسران سمیت ایف ڈبلیواوحکام اور کنسلٹینٹ کے نمائندے موجود تھے۔دورے کے دوران تانگیر کے عمائدین سمیت لرک کے مقامی ہیٹی کے نمائندگان کے ساتھ ایک طویل نشست ہوئی جس میں پروجیکٹ کی کالونی کے لئے درکار اراضی کے حوالے سے مقامی عمائدین سے بات چیت کی گئی۔مقامی افراد کی جانب سے چند تحفظات اور خدشات  کا اظہاربھی کیا گیا اور واپڈا اور انتظامیہ سے ان تحفظات پر غور کرنے کی گزارش کی گئی۔اس کے علاوہ انہوں نے پروجیکٹ پر جلد کام کے آغاز کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر  جی ایم (DBDP) واپڈا  راؤ محمّد یوسف اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ضلع دیامر ابوبکر نے یقین دلایا کہ قانون کو مد نظر رکھتے ہوئے لرک کے عوام کے تحفظات اور خدشات پر مکمل غور کیا جائے گا اور بہت جلد اس پروجیکٹ پر کام کا آغاز کر دیا  جائے گا نیز پروجیکٹ سے مقامی افراد کے لئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے اس کے ساتھ ساتھ پروجیکٹ کی تکمیل سے علاقے سے لوڈشیدنگ کا مکمل خاتمہ ہو گا۔آخر میں عمائدین علاقہ نے دورے کا خیر مقدم کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا  اور کہا کہ پروجیکٹ پر جلد کام کے آغاز کے لیے مقامی افراد مکمل تعاون کریں گے۔