19

عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں 3 مزدوروں کے قتل کی تحقیقات کرے، پاکستان

پاکستان نے عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں 3 مزدوروں کے قتل کی تحقیقات کر نے کا مطالبہ کردیا ہے ۔ ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چوہدری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بھارتی قابض فوسز نے مقبوضہ کشمیر میں 3 مزدوروں کو جعلی مقابلے میں ماورائے عدالت قتل کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ان کشمیری مزدوروں کو بھارتی قابض فوج نے جولائی 2020 میں شہید کیا تھا۔ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا تھا کہ کشمیری مزدور شوپیاں میں سیب کے باغ میں مزدوری کے لیے آئے تھے۔ ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ کشمیری مزدوروں کی لاشوں پر اسلحہ رکھ کر مقابلے کا تاثر دیا گیا، کشمیری مزدوروں کو مسلح جنگجو ظاہر کرنے کے انکشافات بھارتی جرائم کی ایک جھلک ہے۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ بھارتی افواج نے پچھلے ایک سال میں 300 سے زائد کشمیریوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا  کہ عالمی برادری کشمیریوں کے خلاف جرائم بھارت کو جوابدہ ٹھہرائے۔