44

قانون سازی ،پارلیمانی امور میں قومی اسمبلی سے رہنمائی لیتے رہیں گے، امجد زیدی

 اسپیکرگلگت بلتستان اسمبلی سید امجد علی زیدی نے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی ہے۔اس اہم ملاقات میں ملک کی مجموعی معاشی اورسیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور  پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا. اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے امجد علی زیدی کو اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ حکومت پاکستان عمران خان کی قیادت میں گلگت بلتستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے ۔سیاحت کا شعبہ گلگت بلتستان کی عوام کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ گلگت بلتستان بے پناہ قدرتی وسائل سے مالامال ہے جنہیں بروئے کار لا کر گلگت بلتستان کی ترقی میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے ۔گلگت بلتستان کے نو منتخب اراکین اسمبلی اور اسٹاف کو اپنی استعداد کار کو بڑھانے کے لیے پاکستان انسٹیٹیوٹ فار پارلیمنٹری سروسز سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے ۔گلگت بلتستان  اسمبلی کے سپیکر امجد علی زیدی نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کا شکریہ ادا کیا اور گلگت بلتستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ان کے جذبات کو سراہا۔اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی نے کہا کہ گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل سے گلگت بلتستان میں معاشی ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں. گلگت بلتستان میں  ترقی اور خوشحالی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھاتے ہوئے گلگت بلتستان کے دیرینہ مسائل کو حل کرنیکی ہرممکن کوشش کرینگے اور گلگت بلتستان اسمبلی کے نو منتخب اسمبلی ممبران اور سٹاف کی پارلیمانی امور کے حوالے سے تربیت نہایت اہم ہے جس کے لیے پاکستان انسٹیٹیوٹ فار پارلیمنٹری سروسز سے بھرپور استفادہ کرینگے۔گلگت بلتستان اسمبلی میں بہتر ین قانونی سازی سمیت دیگر پارلیمانی امور کی انجام دہی میں قومی اسمبلی سے بھی رہنمائی لیتے رہیں گے۔سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی نے کہا ہے کہ آنے والے وقتوں میں گلگت بلتستان اسمبلی کی ترقی اور اسکو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرینگے تاکہ عوامی نمائندے علاقے کے وسیع ترمفاد میں بھرپور کام کرسکے.