213

محمد عامر نے انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کا اعلان کردیا

قومی ٹیم کے فاسٹ بائولر محمد عامر نے انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کا اعلان کردیا ہے۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عامر کا کہنا تھا کہ وہ خود پی سی بی کے پاس جاکر انہیں اپنی دستیابی سے آگاہ کریں گے اور یہ پی سی بی پر منحصر ہوگا کہ وہ انہیں سلیکٹ کرتا ہے یا نہیں۔اس سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ سے حال ہی میں کنارہ کشی اختیار کرنے والے فاسٹ بولر محمد عامر نے بتایا تھا کہ ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس مجھے ذہنی طور پر ٹارچر کرتے آئے، اب میں مزید برداشت نہیں کرسکتا۔محمد عامر نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس کے بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مصباح الحق اور وقار یونس میرے مقدمے کو غلط رنگ دے رہے ہیں، میں اب بھی مصباح اور وقار کے ہوتے ہوئے نہیں کھیلنا چاہتا ہوں۔انھوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ بات اب بہت آگے نکل چکی ہے۔ محمد عامر نے کوچز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مصباح الحق اور وقار یونس میری کارکردگی پر بات کرتے ہیں،انہیں پہلے اپنی پرفارمنس دیکھنی چاہیئے۔انھوں نے کہا کہ مصباح اور وقار شکستوں کا ملبہ کورونا پر ڈال رہے ہیں، باقی دنیا کے لیے بھی کورونا ہے۔