53

محکمہ سول سپلائی کی مکمل ری سٹرکچرنگ کرنے کی ضرورت ہے،وزیر اعلیٰ

گلگت(پ ر)وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے کہا ہے کہ محکمہ سول سپلائی کی مکمل ری سٹرکچرنگ کرنے کی ضرورت ہے۔ دیگر صوبوں کی طرز پر محکمہ خوراک کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس کیلئے متعلقہ محکمہ تفصیلی سفارشات پیش کرے۔محکمہ سول سپلائی وٹرانسپورٹ کی جانب سے بریفنگ کے موقع پروزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ عوام کو معیاری گندم او رآٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ گندم کی ترسیل اور تقسیم کے نظام کو شفاف بنانے کیلئے آئی ٹی کا نظام متعارف کرایا جائے۔ گندم کی ترسیل اور تقسیم کے حوالے سے بے ضابطگیوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے۔ پہلی مرتبہ گلگت  بلتستان کیلئے 16 لاکھ گندم کی بوریوں کی منظوری دی گئی ہے جس سے گندم کی کمی کا مسئلہ حل ہوگا۔ عوام کو شفاف انداز میں گندم اور آٹے کی تقسیم یقینی بنانے کیلئے سوشل رجسٹری سے منسلک کیا جائے گا۔ محکمے کی ریسٹرکچرنگ سے غیر معیاری اشیاء کی فروخت میں روک تھام اور صرف تصدیق شدہ اشیاء کی فروخت کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ عوام کو مضر صحت اشیاء کی فراہمی کی حوصلہ شکنی کیلئے فوڈ اتھارٹیز قائم کی جائیں گی۔ادھر محکمہ اطلاعات کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے۔ میڈیا انڈسٹری اور صحافیوں کی بہتری کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ اخبارات کے بقایاجات کی ادائیگی کیلئے صوبائی کابینہ کے آخری اجلاس میں منظوری دی گئی۔ سابقہ ادوار کے بقایاجات کے ادائیگیوں کیلئے بھی محکمہ اطلاعات بلوں کی تصدیق کے عمل کو جلد ازجلد مکمل کرے تاکہ سابقہ ادوار کے بقایاجات کی بھی ادائیگیاں کی جاسکیں۔ پریس کلبوں کو دی جانے والی گرانٹ میں اضافہ کیا جائے گا۔ اسلام آباد میں موجود گلگت  بلتستان کے صحافیوں کیلئے بھی گرانٹ دی جائے گی۔ محکمہ اطلاعات کی کارکردگی کو فعال اور مزید بہتر بنانے کیلئے دیامر اور  بلتستان ڈویژن میں بھی محکمہ اطلاعات کے دفاتر کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ گڈ گورننس اور نظام میں شفافیت کیلئے آئی ٹی کا محکمہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کا قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سیکریٹری اطلاعات محکمہ آئی ٹی کے قیام کے حوالے سے اپنی سفارشات تیار کرکے منظوری کیلئے پیش کریں۔ گلگت  بلتستان کے ماحولیات اور قدرتی حسن کے تحفظ کیلئے پہلی مرتبہ نوروز کی تقریبات تین دن سرکاری سطح پر منائے جائیں گے اور ا ن دنوں میں صوبے بھر میں بڑے پیمانے پر شجرکاری کی جائے گی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید کو سیکریٹری اطلاعات نے محکمے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر صوبائی وزیراطلاعات فتح اللہ خان بھی موجود تھے۔