38

نیا لوکل سسٹم عوامی امنگوں کے مطابق ہوگا، عثمان بزدار

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ نیا لوکل گورنمنٹ سسٹم عوام کی امنگوں اور ضروریات کے مطابق ہوگا، پسماندہ شہروں کی قسمت بدلنے کا وقت آگیا ہے،عوام کی محرومیاں دورکرکے دم لیں گے،تفصیلات کے مطابق جمعرات کو وزیراعلیٰ پنجاب سے چیچہ وطنی میں مختلف وفود کی ملاقاتیں ہوئیں ، ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب نے سبزی منڈی چیچہ وطنی کی توسیع کے منصوبے کا جائزہ لینے کی ہدایت کردی،وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نیا لوکل گورنمنٹ سسٹم عوام کی امنگوں اور ضروریات کیمطابق ہوگا، وکلامیں سے ہوں اور اپنی برادری کے مسائل خوب سمجھتا ہوں، پی ٹی آئی کے عہدیدار اور کارکن عوام کی خدمت میں حکومت کاساتھ نبھائیں، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت یکساں ترقی کے وژن پر کار بند ہے، انھوں نے مزید کہا کہ پسماندہ شہروں کی قسمت بدلنے کا وقت آگیا ہے ، پنجاب کے ہر شہر میں جائوں گا اور عوام کے مسائل سنوں گا، عوام اور کارکنوں کی محبت میرا اثاثہ ہے، فراموش نہیں کرسکتا۔پنجاب حکومت نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو صوبے میں بلدیاتی انتخابات ستمبر 2021ء تک کروانے کی تجویز دیدی، وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ15دن کے اندر ویلج پنچائیت/نیبرہوھڈالیکشن کیلئے بھی ضروری تفصیلات الیکشن کمیشن کو مہیا کر دی جائیںگی۔ پنجاب حکومت کی تجویز کی روشنی میں الیکشن کمیشن اگلے ہفتے الیکشن کی تاریخ کا فیصلہ کرے گا۔الیکشن کمیشن نے اجلاس میں صوبائی حکومتوں کے نمائندوں کو ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں ضروری ہدایات لے کر آئیں کہ صوبائی حکومت کن تاریخوں میں الیکشن کا انعقاد چاہتی ہے۔ الیکشن کمیشن کا آئندہ اجلاس 15 روز کے بعد طلب کر لیا گیا۔ جمعرات کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کا ایک اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں ممبران الیکشن کمیشن ، وزیرقانون پنجاب ،سیکرٹری الیکشن کمیشن ، پنجاب حکومت اور خبیر پختونخوا ہ کے علاوہ الیکشن کمیشن کے دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں مقامی حکومتوں کے انتخابات کے انعقاد سے متعلق تھا جو کہ مورخہ 6 جنوری 2021 کو ہونے والے اجلاس کے تسلسل میں ہوا۔ وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے الیکشن کمیشن کوانتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔