24

وزیراعظم نے حکومتی ترجمانوں کو پی ڈی ایم پر بات کرنے سے روک دیا

اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم عمران خان نے حکومتی ترجمانوں کو پی ڈی ایم پر بات کرنے سے روک دیا۔پیر کووزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی و پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں موجودہ ملکی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ترجمانوں کو پی ڈی ایم پر بات کرنے سے روکتے ہوئے ہدایت کی کہ اپوزیشن کے بیانات پر جوابات کے بجائے حکومتی کارکردگی اجاگر کریں، شوگر مافیا کے خلاف پہلی دفعہ جامع ایکشن ہو رہا ہے، سٹے بازوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جارہا ہے، رمضان میں عوام کو چینی سستے داموں میسر ہوگی۔وزیراعظم عمران خان نے سٹے بازوں کے خلاف ون ونڈو آپریشن کا قانون لانے کی منظوری دے دی اور میڈیا سے متعلق امور پر خصوصی کمیٹی بھی قائم کردی جس میں فواد چوہدری، شبلی فراز، فیصل واوڈا، یوسف بیگ مرزا شامل ہیں۔ کمیٹی حکومتی کارکردگی اور بیانیے سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر اجلاس کرے گی۔