124

پیپلز پارٹی پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے جمہوری، آئینی و قانونی طریقے سے اس حکومت کو گھر بھیجے گی،بلاول بھٹو

لاڑکانہ (آئی این پی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین  بلاول بھٹو زرداری  نے کہا ہے کہ ان کی جماعت، پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے جمہوری، آئینی و قانونی طریقے سے اس حکومت کو گھر بھیجے گی اور اپنے اتحادیوں کو تحریک عدم اعتماد کے ذریعے حکومت پر حملہ کرنے کے لیے منا رہے ہیں،وفاقی  وزرا، اپوزیشن کے درمیان دراڑ ڈالنے کی کوششیںکر رہے ہیں،انکو ڈر  ہے کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ پاکستان کی تمام جمہوری قوتیں حملہ کرنے کا فیصلہ نہ کر لیں، کیونکہ جب ہم حملہ کریں گے تو کٹھ پتلی کو کم از کم گھر جانا پڑے گا،موجودہ حکومت ہر کاروبار کرنے والے اور صنعت لگانے والے کو چور بنادیتی ہے اور ان سے دشمنوں جیسا سلوک کیا جاتا ہے، پی ٹی آئی حکومت ڈنڈے کے سہارے معیشت اور ملک چلانا چاہتی ہے،پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کو میڈیا اور نیب کے ذریعے ٹارگٹ کیا گیا لیکن ہم سازشوں کا مقابلہ کرنا جانتے ہیں، ہم جانتے ہیں غیر جمہوری قوتوں کو سیاست سے کیسے نکالنا ہے۔جمعہ کولاڑکانہ میں موہنجو داڑو روڈ پر نئے انڈسٹریل اسٹیٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اپنے منشور کے تحت عوام کی خدمت کی اور عوام کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے، یہ منصوبہ کچھ سال قبل صرف کاغذات میں تھا، اس انڈسٹریل زون سے نا صرف مقامی صنعتوں اور کاروبار کو فائدہ ہوگا بلکہ عوام کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ دو سال میں پاکستان کی معیشت کو جتنا نقصان ہوا اتنا کبھی تاریخ میں نہیں ہوا، ایسا کبھی نہیں ہوا کہ ملک کی شرح نمو افغانستان اور بنگلہ دیش سے پیچھے اور مہنگائی کی شرح بھی ان ممالک سے زیادہ ہو، موجودہ حکومت ہر کاروبار کرنے والے اور صنعت لگانے والے کو چور بنادیتی ہے اور ان سے دشمنوں جیسا سلوک کیا جاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت ڈنڈے کے سہارے معیشت اور ملک چلانا چاہتی ہے، حکومت کا کام سہولتیں فراہم کرنا ہوتا ہے، حکومت سندھ نے ٹیکس ریونیو میں اضافہ کیا اور ٹیکس اکٹھا کرنے کے لیے ڈنڈے کا استعمال نہیں کیا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 'ہم کاروباری و صنعتی برادریوں کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ باقی ملک کی طرح آپ کے سامنے پیپلز پارٹی کی جو کردار کشی کی گئی ہے اور مخصوص طریقے سے پیش کیا گیا ہے، ہم ضرور عوام دوست ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم صنعت اور کاروبار کے دشمن ہیں۔انہوں نے کہا کہ 'وفاقی حکومت نے عوام بالخصوص سندھ کے عوام کو جس طرح لاوارث چھوڑا ہے اس مشکل معاشی صورتحال کے دوران ہم نے مل کر کام کرنا ہے، پی ٹی آئی حکومت کی ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر اب تک نہیں دیکھے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم ہر سطح پر عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں، حکومتی وزیر بھی مانتے ہیں کہ عمران خان کی عوام دشمن پالیسیوں کی راہ میں رکاوٹ پیپلز پارٹی اور وزیر اعلی سندھ ہیں، یہی وجہ ہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کو میڈیا اور نیب کے ذریعے ٹارگٹ کیا گیا لیکن ہم سازشوں کا مقابلہ کرنا جانتے ہیں، ہم جانتے ہیں غیر جمہوری قوتوں کو سیاست سے کیسے نکالنا ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ 'عوام کو اس نااہل و نالائق حکومت کی وجہ سے اس وقت تاریخی مہنگائی اور بیروزگاری کا بوجھ اٹھانا پڑ رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ ہم اس حکومت کے خلاف نکلے ہیں، ہم پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ  کے پلیٹ فارم سے اس ناجائز حکومت کو گھر بھیجنا چاہتے ہیں اور ایسی عوامی حکومت لانا چاہتے ہیں جو عوام کی وجہ سے اقتدار میں آئے اور اس کی نمائندگی کرے، عوام کے ووٹ سے بننے والی حکومت عوام کا خیال رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی، پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے جمہوری، آئینی و قانونی طریقے سے اس حکومت کو گھر بھیجے گی، ہم پی ڈی ایم رہنمائوں کو مناتے ہیں کہ ہمیں وار کرنا ہے تو اسمبلی میں کرنا ہے، ہمیں حملہ کرنا ہے تو تحریک عدم اعتماد کے جمہوری طریقے سے کرنا ہے، ہم اپنے اتحادیوں کو جب اس اسٹریٹیجی کے لیے منائیں گے اور ایک پیج پر لے کر آئیں گے پھر ہماری چائے پر ملاقاتوں سے بھی ان کے جتنے پسینے نکلیں گے اتنا 10 جلسوں سے بھی ان پر اثر نہیں ہوتا۔ان کا کہنا تھا کہ آج کل وزرا، اپوزیشن کے درمیان دراڑ ڈالنے کی جتنی کوشش کر رہے ہیں یہ ان کی فکر اور ڈر کو دکھا رہے ہیں کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ پاکستان کی تمام جمہوری قوتیں حملہ کرنے کا فیصلہ نہ کر لیں، کیونکہ جب ہم حملہ کریں گے تو کٹھ پتلی کو کم از کم گھر جانا پڑے گا'۔