50

پی ٹی آئی این اے 75 کا الیکشن جیت چکی ، الیکشن کمیشن نتائج کافوری اعلان کرے، فردوس عاشق اعوان

سیالکوٹ (اے پی پی،آن لائن،آئی این پی)وفاقی وزرا سینیٹر شبلی فراز، چوہدری فواد حسین، معاون خصوصی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور عثمان ڈار نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی این اے 75 کا الیکشن جیت چکی ہے ، الیکشن کمیشن نتائج کافوری اعلان کرے، ملک میں شفاف الیکشن کے لئے حکومت الیکٹرانک ووٹنگ کی طرف جارہی ہے 'ملک میں شفافیت لانے والے وزیراعظم کے خلاف سارے چور اکٹھے ہوگئے ہیں 'ڈسکہ کے عوام نے نواز شریف کے بیانیے ' دھونس 'پیسے کی سیاست کو ہمیشہ کے لئے دفن کر دیا ہے 'ن لیگی قیادت کی ایک ماہ کی باتیں سنیں تو اس میں برملا اس بات کا اظہار کیا گیا  کہ ہم الیکشن بندوق سے جیتیں گے ووٹ کو عزت دوکا نعرہ لگانے والوں میں شکست تسلیم کرنے کا حوصلہ نہیں ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے وزراء کے ہمراہ پی ٹی آئی کے جاں بحق ہونے والے کارکنان کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔ وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ہم  سوگوار خاندان کے ساتھ اظہار ہمدردی کرنے کے لئے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے ہمیشہ دھونس 'پیسے ' غنڈہ گردی 'قتل و غارت کی سیاست کی ہے ، اس الیکشن میں بھی انہوں نے اپنے سپیشلسٹ لوگوں جن میں رانا ثناء اللہ ' جاوید لطیف اور دیگر کو ڈسکہ اسی مقصد کے لئے بھیجا ہے،ڈسکہ کے الیکشن نے پورے ملک کے عوام پر ن لیگ کی بدمعاشی اور طاقت کے استعمال سے انتخابی عمل ہائی جیک کرنے کی قلعی کھول دی، انہوں نے کہا کہ آج ڈسکہ میں تقریر میں مگر مچھ کے آنسو بہتے دیکھ کر بے ساختہ ماڈل ٹائون واقعہ یاد آگیا جس میں بچوں 'خواتین اور بزرگوں پر گولیاں چلائیں گئیں ،ن لیگ نے ہمیشہ پیسے،غنڈہ گردی کی سیاست  کی ہے ۔  ماضی میں بھی سانحہ ماڈل ٹاؤن میں لوگوں کوقتل کیاگیاتھا۔شبلی فراز نے کہا کہ عوام کویادہے سانحہ ماڈل ٹاؤ کے مرکزی کردارراناثنااللہ تھے اور ڈسکہ میں  بھی رانا ثنااللہ نے قتل کی منصوبہ بندی کی ن لیگ غنڈہ گردی اورقتل وغارت کی سیاست کرتی  آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کہتے تھے یہ سارے چورایک ہوجائیں گے عوام نے دیکھ لیااب یہ سارے چور ایک ہوگئے ہیں عمران خان کی قیادت میں کرپشن کی سیاست کاخاتمہ ہورہاہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں بھی ضمیرفروشوں کوشکست دیں گے ملک سے دھونس  اوردھمکی کی سیاست کاخاتمہ ہونیوالاہے، سینیٹ الیکشن میں اپوزیشن کارویہ منافقانہ ہے، انہوں نے کہا کہ اتنا غصہ اور دہشت گردی اس لئے ہے کہ نواز شریف کے بیانیے کو شکست ہورہی ہے' وزیرآباد کے الیکشن ' 2018کے الیکشن کے نتائج سمیت ہر الیکشن میں ہزاروں ووٹوں کا فرق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسکہ میں ن لیگ نے 40ہزار کی لیڈ لی تھی اور آج الیکشن ہار رہے ہیں 'ان کے پائوں کے نیچے سے زمین نکل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا بیانیہ 'نیا پاکستان اور تبدیلی کا ان کو ڈر ہے' پی ٹی آئی ایسے ہی جیتی رہی تو ان کی سیاسی اجارہ داری کا خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی سربراہی میں ملک کو تبدیل کرنے سفر میں آگے بڑھ رہے ہیں اس سے دھونس 'پیسے کی سیاست کا خاتمہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینٹ کے انتخابات میں یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ اپوزیشن نے جس طرح منافقانہ رویہ اختیار کیا ہے وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے ' انہوں نے ماضی میں ووٹ اور ضمیر خریدے تھے 'اب بھی ایسا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اکیلا ان کے سامنے ڈٹ کر کھڑا ہے 'انتخابات کو شفاف بنانے کے لئے الیکٹرونک ووٹنگ کی طرف جارہے ہیں 'سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ دینے کے لئے انتظامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں شفافیت لانے والے وزیراعظم کے خلاف سارے چور اکٹھے ہوگئے ہیں۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ مریم نواز سے حسرت ہے کہ کاش وہ زندگی میں سچ بول دیں '  انہوں نے ہر جگہ جھوٹ پر جھوٹ بولا۔ انہوں نے کہا کہ نوشہرہ 'وزیر آباد الیکشن میں اپوزیشن جیتے تو ٹھیک 'ڈسکہ میں پی ٹی آئی جیتے تو وہاں دھاندلی کا وطیرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو انتخابی نتائج کا فوری اعلان کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے رات ایک بجے جیت کا ٹویٹ کیا 'یہ تو الیکشن کمیشن کو بھی نہیں پتہ ' ابھی تک حتمی نتائج نہیں آئے۔ انہوں نے کہا کہ علی اسجد ملہی اکثریت سے جیت چکے ہیں۔وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اس الیکشن کو جعلی راجکماری نے جنگ کا نام دیا تھا 'اس کے کارندوں ' درباریوں اور حواریوں ' شاہی خاندان کے ذاتی ملازموں نے جس طرح الیکشن کو خون آلودہ کرنے کی سازش کی اور آج اس      قاتل کو سٹیج پر اپنے ساتھ کھڑا کر کے جس طرح سے شاباش دی ' اس سے شہداء کے ورثاء کے زخموں پر نمک پاشی ہوئی ہے ۔ بستہ الف اور بستہ بے کے اشتہاری 'قبضہ گروپ اور عوام کو اذیت میں مبتلا کرنے والے ٹولے کی پشت پناہی ن لیگ کررہی  ہے' آج بھی اسی سوچ اور عمل کی عکاسی کی اس کی ہم سب مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والے ٹولے کو شکست برداشت کرنے کا حوصلہ نہیں ہے،جعلی راج کماری نے نوشہرہ میں گھس کر مارنے کی بات کرکے نواز شریف خاندان کی مودی سے پرانی محبت اور عقیدت کا پھر اظہار کردیا ہے مودی پاکستان کو اندر گھس کر مارنے کی دھمکیاں دیا کرتا تھا جبکہ یہ کبھی نوشہرہ میں گھس کر مارنے کی اور کبھی کسی ادارے کو گھس کر مارنے کی دھمکی دیتی ہے،اسی غلیظ اور اور نفرت انگیز بیانیہ کی وجہ سے راجکماری، اس کے ابا جی اور ان کی پارٹی ہمیشہ ہمیشہ کے لئے پاکستانیوں کی نظروں سے گر چکی ہے ۔ عثمان ڈار نے کہا کہ ڈسکہ الیکشن میں مسلم لیگ ن نے اخلاقیات کی تمام حدیں پار کردیں ہیں۔  پی ٹی آ ئی امیدوار علی اسجد ملہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مریم بی بی! ہم 1947ء  سے کبھی اپنے گاؤں سے نہیں ہارے۔ اللہ تعالیٰ کا کرم ہوا ہے کہ یہ نشست ہم جیت چکے ہیں۔