80

ڈپٹی سپیکرکی وزیراعلیٰ سے ملاقات، ضلع غذر کے مسائل اور آئندہ کے لئے حکمت عملی پر تفصیلی بات چیت

غذر (بیورو رپورٹ)ڈپٹی سپیکر صوبائی اسمبلی نذیر احمد ایڈووکیٹ اور رہنما تحریک انصاف ظفر محمد شادم خیل نے ہفتہ کے روز وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید سے ملاقات کی۔اس موقع پر ضلع غذر کے مسائل اور آئندہ کے لئے حکمت عملی پر تفصیلی بات چیت کی گئی اس موقع پر وزیر اعلیٰ کو ضلع غذر کے دورے کی دعوت دی گئی جس پر انہوں نے 30 جنوری تک دورے کی یقین دہانی کرائی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہدا اور غازیوں کی سرزمین کو ماضی کی حکومتوں نے یکسر نظرانداز کیا ہماری حکومت وہاں کے مسائل کو وقتی طور پر ختم کرنے کے لئے اقدامات کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ غذر کے عوام نے تحریک انصاف کو اچھا خاصا مینڈیٹ دیا ہے ہم ہارنے والے اپنے امیدواروں کے حلقوں میں ترقیاتی کام ان کی مشاورت سے ہی آگے لے کر جائیں گے انہوں نے کہا کہ غذر کے لیے کیڈٹ کالج، گلوداس 15 میگاواٹ پائور ہاوس، سمیت متعدد میگا پراجیکٹس پر بہت جلد عملی طور پے کام کا آغاز ہوگا وزیر اعلیٰ نے کہاکہ غذر میں اخوت بنک برانچز کو وسعت دی جائے گی اس موقع پر وزیراعلیٰ نے حلقہ ون غذر کے لئے ظفرمحمد شادم خیل کی جانب سے 45 دستکاری سکولوں کا پروپوزل پیش کرنے پر خصوصی طور پر سراہا اور کہا کہ صوبائی حکومت بھرپور سپورٹ کرے گی اور ان سینٹروں کو بہت جلد سلائی مشینوں کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی انہوں نے کہا کہ نیوٹک کے ادارہ کو پابند کریں گے اور ان اداروں کی اعلیٰ سطح پرمدد کو یقینی بنائیں گے وزیر اعلیٰ نے غذر کے تینوں حلقوں سے میگا سکیموں کی لسٹ مرتب کرنے کی زمہ داری ڈپٹی سپیکر، رہنما ظفر محمد شادم خیل اور راجہ جہانزیب کو سونپی اور ان ترقیاتی اسکیموں کا اعلان وزیراعلیٰ اپنے دورہ غذر کے دوران کریں گے۔