32

گلگت چترال ایکسپریس وے حفیظ الرحمن نے منظورکرایا،ضم فریاد

مسلم لیگ ،ن، کی رکن صوبائی اسمبلی رانی صنم فریاد نے گلگت چترال ایکسپریس وے کی افتتاحی فیتہ کاٹنے کے عمل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے حکومتی اراکین نے ہمارے قائد میاں محمد نواز شریف اور حافظ حفیظ الرحمان کے اس میگا پراجیکٹ کے افتتاح کا فیتہ کاٹا جو پاکستان مسلم لیگ ،ن، کے عوامی منصوبوں کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت سے ہماری گزارش ہوگی کہ صرف مسلم لیگ ،ن، کے اہم منصوبوں کے فیتے کاٹ کر وقت پاس نہ کریں بلکہ سابق وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمان کی طرح وفاق سے خود بھی اہم منصوبے منظور کرائیں تاکہ خوشحال گلگت بلتستان کے خواب کو عملی جامہ پہنایا جا سکے اور اس کی تعمیر کا حال پشاور کے بی آر ٹی منصوبے کی طرح نہ ہو۔ رانی صنم فریاد نے مزید کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے بعض ورکر مسلم لیگ ،ن، کے اس اہم پروجیکٹ کو اپنے کھاتے میں ڈالنے کی سوشل میڈیا میں جو تشہیری مہم چلارہے ہیں انتہائی شرمناک ہے۔ قوم کا بچہ بچہ جانتا ہے کہ گلگت تا چترال ایکسپریس وے کا منصوبہ میاں محمد نواز شریف کا منصوبہ ہے جس کو منظور کرانے میں سابق وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمان نے جو جاندار کردار ادا کیا وہ قابل تحسین ہے۔