47

گورنرسے اختلافات کی خبریں جھوٹی ہیں،وزیراعلیٰ

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے اسلام آباد میں گورنر گلگت بلتستان راجہ اجلال حسین مقپون سے ملاقات کی ۔اس موقع پر گلگت بلتستان کی تعمیر وترقی اور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے گلگت بلتستان میں تعمیر و ترقی کے سفر کو آگے بڑھانے میں گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون کے مثبت کردار پر خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وفاق کے نمائندہ ہونے کی حیثیت سے گلگت بلتستان میں تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کو گورنر گلگت بلتستان نے ہر مرحلے میں مثبت رہنمائی کی ہے اور بھر پور تعاون کو یقینی بنایا ہے۔ چند عناصر اور میڈیا کے بعض حلقوں کی جانب سے گورنر اور میرے اختلافات کے حوالے سے جھوٹی من گھڑت خبریں شائع ہوئی تھی جو حقائق سے منافی اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔ گلگت بلتستان کے عوام کی جانب سے تحریک انصاف کو دیے جانے والے مینڈیٹ کے مطابق عوام اور علاقے کی تعمیر وترقی کے لئے بحیثیت ایک ٹیم گورنر گلگت بلتستان کی رہنمائی میں کام کررہے ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق کمزور طبقے کی فلاح و بہبود اور دو نہیں ایک پاکستان کے خواب کوگلگت بلتستان میں بھی عملی جامع پہنائینگے۔