ٹک ٹاک کی جانب سے متعدد نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
کم عمر صارفین کے تحفظ سے متعلق فیچرز، کریٹیرز ٹولز اور انٹرایکٹو ویل بنگ فیچر کو کمپنی کی جانب سے متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
کم عمر صارفین کے تحفظ کے لیے نئے فیچرز کو فیملی پیئرنگ کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ ٹک ٹاک کی جانب سے فیملی پیئرنگ ٹول کافی عرصے سے دستیاب ہے جس کی مدد سے والدین نوجوانوں کے اسکرین ٹائم کو محدود اور مخصوص مواد کو بلاک کرسکتے ہیں۔
اب ٹک ٹاک کی جانب سے اس ٹول کے لیے مزید فیچرز متعارف کرائے جا رہے ہیں جن کی مدد سے والدین اپنے اکاؤنٹس کو بچوں کے اکاؤنٹ سے منسلک کرسکیں گے۔
والدین اب اپنے بچوں کے اکاؤنٹ پر مخصوص اکاؤنٹس کو بلاک کرسکیں گے۔
بلاک ہونے والے اکاؤنٹس پھر کم عمر صارفین سے رابطہ نہیں کرسکیں گے یا بچے ان اکاؤنٹس کے مواد کو اپنے فیڈ پر نہیں دیکھ سکیں گے۔
والدین کو اس وقت بھی نوٹیفکیشن موصول ہوگا جب ان کے بچوں کی جانب سے کسی پبلک ویڈیو، اسٹوری یا تصویر کو اپ لوڈ کیا جائے گا۔
ٹک ٹاک کے مطابق اس فیچر سے والدین کو یہ جاننے میں مدد ملے گی کہ ان کے بچے سوشل میڈیا ایپ پر کیا پوسٹ کر رہے ہیں۔
والدین کو اب پرائیویسی سیٹنگز تک بھی زیادہ رسائی ملے گی اور وہ دیکھ سکیں گے کہ ان کے بچوں (16 یا 17 سال) نے اپنے مواد کے لیے ڈاؤن لوڈز کو ان ایبل کیا ہے یا نہیں، یا ان کی فالوونگ لسٹ دیگر افراد دیکھ سکتے ہیں یا نہیں۔
ٹک ٹاک کی جانب سے کریٹیر کیئر موڈ بھی متعارف کرایا جا رہا ہے جس کے تحت ان تمام کمنٹس کو خودکار طور پر فلٹر کر دیا جائے گا جن کو سسٹم نامناسب، گالیوں یا دیگر وجوہات کے باعث خراب سمجھے گا۔
اس کی جانب سے ان صارفین کے کمنٹس کو بھی فلٹر کیا جائے گا جن کے کمنٹس کو پہلے رپورٹ، ڈس لائیک یا ڈیلیٹ کیا گیا ہوگا۔
کمپنی نے بتایا کہ اس فیچر کے لیے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کو استعمال کیا جائے گا۔
ٹک ٹاک لائیو کے لیے بھی ایک نیا کمنٹ ٹول متعارف کرایا جا رہا ہے جس سے کریٹیر کمنٹس میں مخصوص الفاظ کے استعمال کو مکمل طور پر بلاک کرسکیں گے۔
ایک نیا فیچر کریٹیر ان باکس کا ہے جس سے صارفین کے لیے میسجز کا انتظام کرنا آسان ہو جائے گا۔
اس ان باکس میں ان ریڈ اور اسٹارڈ فولڈرز موجود ہوں گے۔
ٹک ٹاک کی جانب سے کریٹیر چیٹ روم کو بھی متعارف کرایا جار ہا ہے جس میں کریٹیرز اپنے فالوورز کے ساتھ خصوصی مواد شیئر کرسکیں گے۔
یہ انسٹا گرام کے براڈ کاسٹ چینلز جیسا فیچر ہے جو صرف کم از کم 5 ہزار فالوورز والے صارفین کو دستیاب ہوگا۔
کریٹیرز کو کانٹینٹ چیک لائٹ نامی ایک فیچر تک بھی رسائی دی جا رہی ہے جس سے انہیں یہ معلوم ہوسکے گا کہ ان کا مواد فار یو فیڈ میں نظر آنے کے قابل ہے یا نہیں۔
ٹک ٹاک کی جانب سے ویل بنگ مشنز نامی ایک فیچر کو متعارف کرانے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
اس فیچر میں مختصر کوئز اور فلیش کارڈز کے ذریعے لوگوں میں متوازن ڈیجیٹل عادات پیدا کرنے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔