گلگت(پ ر) وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے سی ایم آئی ٹی کی جانب سے مختلف انکوائریوں پر دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت قومی خزانے کا صحیح استعمال یقینی بنائے گی۔ ہماراکوئی انتقامی ایجنڈا نہیں ہے، قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کیخلاف بلاتفریق کارروائی کو یقینی بنائیں گے۔ صوبائی حکومت سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتی ہے۔ گزشتہ 10 سالوں میں پاور کے منصوبوں کو مکمل کرنے پر توجہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے بجلی کے بحران میں اضافہ ہوا، ہم نے مختصر مدت میں پاور کے منصوبوں کو ٹارگٹڈ کرکے ٹائم لائنز متعین کئے جس کے تحت بجلی کے کافی منصوبے مکمل ہوئے اور اضافی بجلی سسٹم میں شامل ہوئی۔ زیر التوا بجلی کے منصوبوں کی تکمیل تک صوبائی اے ڈی پی میں نئے منصوبے شامل کرنے اور غیر ضروری ریویجنز کی حوصلہ شکنی کی جارہی ہے۔ بجلی کے بحران کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے گزشتہ دو سالوں میں ڈی جی سیٹس چلانے کے بجائے زیر التوا منصوبوں کی تکمیل پر رقم خرچ کی ہے۔ نظام کی بہتری اور منصوبوں کے مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے جزا و سزا کا نظام سختی سے رائج کرنا ضروری ہے۔ وزیر اعلی نے اس موقع پر ڈی جی سی ایم آئی ٹی کو محکمہ برقیات میں 2021-22 میں ڈی جی سیٹس کو کرایے پر لینے اور سال 2018-19 میں ڈیزل جنریٹرز کی خریداری کی مکمل انکوائری کرکے رپورٹ وزیر اعلی سیکریٹریٹ میں جمع کرنے کے احکامات دیئے۔ اس موقع پر ڈی جی سی ایم آئی ٹی نے وزیر اعلی کی جانب سے مختلف منصوبوں کی انکوائری کے حوالے سے دیئے جانے والے احکامات کی روشنی میں مختلف انکوائریز پر وزیر اعلی کو تفصیلی بریفنگ دی۔ادھروزیر اعلی حاجی گلبر خان کی زیر صدارت منعقد ہونے والی محکمہ تعلیم کے سٹیئرنگ کمیٹی اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی کہا کہ عوام کو بہتر اور معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ نظام تعلیم کی بہتری کے حوالے سے مختلف اصلاحات متعارف کرارہے ہیں اور محکمے کو درپیش مسائل بروقت حل کئے جارہے ہیں۔ محکمہ تعلیم میں سٹاف کی کمی دور کرنے کیلئے سیکریٹری سروسز کو ہدایت کی گئی ہے کہ خالی آسامیوں پر بھرتیاں میرٹ کے تحت ٹیسٹنگ سروس کے ذریعے جلد عمل میں لائی جائے۔ وزیر اعلی سیکریٹری تعلیم کو ہدایت کی کہ سیپ، BECSاور NCHD کے اساتذہ کی مستقلی کا مسئلہ خالی آسامیوں کی تقسیم کار کے تحت جلد کی جائے۔ پاسنگ بی ایڈ کی تاریخ سے 16 سکیل دینے کیلئے اساتذہ کی اپیل پر وزیر اعلی نے صوبائی سیکریٹری سروسز، سیکریٹری تعلیم، محکمہ خزانہ اور وزیر اعلی سیکریٹریٹ کے نمائندے پر مشتمل خصوصی کمیٹی تشکیل دینے ہوئے ہدایت دی کہ کمیٹی اپنی سفارشات جلد مکمل کرکے متعلقہ فورم میں پیش کرے۔ اس موقع پر پبلک سکول اینڈ کالج گلگت کے اساتذہ کی فلاح و بہبود کے حوالے سے قائم کئے جانے والے کمیٹی کو آئندہ اجلاس میں سفارشات کو حتمی شکل دے کر پیش کرنے کے احکامات بھی دیئے گئے۔ صوبائی سیکریٹری سکول ایجوکیشن اور سیکریٹری ہائر ایجوکیشن نے محکموں کے حوالے سے وزیر اعلی کو تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں سابقہ سٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمدکا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کیخلاف بلاتفریق کارروائی ہوگی،وزیراعلیٰ
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
