اسمبلی میں ٹانگیں توڑنے کی باتیں، 10پرسنٹ کی گونج، تحفظات کااظہار

گلگت (نامہ نگار)اپوزیشن رکن اسمبلی جاوید علی منوا نے لینڈ ریفارمز بل پر اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کہنے کو تو عوام کو بنجر زمینوں کا مالک بنایا ہے۔ لیکن بل پڑھنے سے معلوم ہوا کہ تحصیلدار سے لیکر ایس ایم بی آر کو زمینوں کا مالک بنادیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا ضلع نگر پاکستان سے پہلے ریاست تھی جس نے قائد اعظم محمد علی جناح سے خارجہ، دفاع اور مواصلات کے علاوہ تمام چیزیں رواجی قوانین کے تحت طے پانے پرالحاق کیا تھا۔ انہوں نے کہا ہے کہ بل میں پہاڑ، جنگلات اور چراگاہوں کو ناقابل تقسیم قرار دیا ہے، کل اس ناقابل تقسیم زمینوں میں معدنیات نکل آئے تو اس کی ملکیت کس کی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کا بہانہ بناکر زمینوں کو اپنی تصرف میں رکھاگیا ہے۔ اس بل کو جلدی بازی میں پاس کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ جلدی بازی کے بجائے اس پر کراس چیمبر کمیٹی بنائی جائے بصورت دیگر اس بل پر عملدرآمد کروانے میں مسائل پیش آئیں گے۔ نہوں نے ایوان میں دو ٹوک کہا ہے کہ اس بل کے تحت ضلع نگر میں کوئی عملدرآمد کروانے کے لئے کوئی ڈپٹی کمشنر یا تحصیلدار آئے گا اس کی ٹانگیں توڑ دیں گے۔ اس موقع پر کرنل عبید نے کہا کہ امجد ایڈووکیٹ نے گلگت بلتستان کی زمینوں پر دس فیصد زمین تجویز کرکے اپنی پارٹی کو ٹن پرسنٹ ثابت کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں غیر مقامی افراد پرزمینوں کی خریداری پر پابندی عائد کی جائے۔ غیر مقامی ریٹائرڈ بیوروکریٹ، سمگلر گلگت بلتستان میں ایکڑ کے حساب سے زمین خرید رہے ہیں۔ اس بل کے بعد عوام تحصیلدار سے لیکر چیف سیکریٹری کے دفتروں کے باہر ذلیل و خوار ہوں گے۔ انہوں نے بھی اس بات پر زور دیا کہ ہمارے رواج پر عملدرآمد یقینی بنانا جائے۔ ایک اکثریتی اور ذمہ دار حکومت کو اس اہم معاملے پر قانون سازی کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر اپوزیشن رکن اسمبلی وزیر سلیم نے کہا کہ امجد ایڈووکیٹ کو بلتستان سے جو ڈرافٹ دیا تھا وہ ڈرافٹ اس پر شامل نہیں کیا گیا۔سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی نذیر احمد ایڈووکیٹ نے اپوزیشن ارکان اسمبلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بل کو پاس کرنے میں کوئی جلد بازی نہیں ہے۔ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اس بل کو بہتر بنایا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ اس بل میں ایک لفظ بھی عوام کے خلاف نہیں جانا چاہئے۔ سپیکر نے کہا ہے کہ اپوزیشن لینڈ ریفارمز بل میں تجاویز پیش کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں