منصوبوں کی بروقت تکمیل اور معیار پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، گلبر خان

گلگت(پ ر)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے فیڈرل پی ایس ڈی پی اور اے ڈی پی کے ترقیاتی منصوبوں کے جائزہ اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت ترقیاتی عمل کو تیز کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ ترقیاتی منصوبوں کی معیار اور رفتار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ ان منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچے اور دور دراز علاقوں میں بھی عوام کو بہتر سہولیات میسرآسکیں۔ وزیر اعلیٰ نے پی ایس ڈی پی منصوبوں کو بھی مقررہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے متعلقہ پروجیکٹ ڈائریکٹرز کو ہدایت کی کہ پی ایس ڈی پی منصوبوں پر جاری کام میں تیزی لائی جائے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے سیکریٹری مواصلات و تعمیرات عامہ کو ہدایت کی کہ پی ایس ڈی پی کے جو منصوبے متعلقہ فورم سے منظور ہوئے ہیں ان کے جلد ٹینڈرز مکمل کرکے ان منصوبوں پر کام شروع کرایا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سمیت متعلقہ محکموں کے سربراہان کیلئے دفاتر کے قیام کیلئے خصوصی منصوبہ آئندہ اے ڈی پی میں شامل کیا جائے۔ گلگت شہر میں سیوریج منصوبے کی سست روی کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ سیوریج منصوبے پر جاری کام میں تیزی لائی جائے اور اس بات کو یقینی بنائی جائے کہ اس منصوبے کی تعمیر کے دوران عوام کو مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس موقع پر صوبائی سیکریٹری مواصلات و تعمیرات عامہ اور پی ایس ڈی پی منصوبوں کے پروجیکٹ ڈائریکٹرز نے وزیر اعلیٰ کو اے ڈی پی اور پی ایس ڈی پی منصوبوں کے حوالے تفصیلی بریفنگ دی۔ادھروزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے محکمہ واٹر مینجمنٹ و آبپاشی کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمانہ منصوبوںکی تقسیم مساوی اور حقیقی بنیادوں پر کی جائے تاکہ ان منصوبوں سے گلگت بلتستان میں زرعی شعبے کو فروغ ملے۔ پسند، ناپسند اور سفارش کے تحت منصوبوں کی تقسیم کی حوصلہ شکنی کی جائے۔ واٹر مینجمنٹ اور آبپاشی کے تحت تعمیر ہونے والے منصوبوں میں فنڈز کا درست استعمال یقینی بنانے کیلئے حکمت عملی وضع کی جائے۔ گلگت بلتستان کے تمام اضلاع کو قدرتی آفات سے بچانے کیلئے وفاقی حکومت کی جانب سے فلڈ پروٹیکشن پروگرام کے تحت مختلف اضلاع سے سکیموں کیلئے درکار کاغذی کارروائی کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ پی سی ون بروقت وفاق کو بھیجی جاسکے ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کو صوبائی سیکریٹری واٹر مینجمنٹ و آبپاشی نے محکمے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں