اسلام آباد (آئی این پی )آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔وزارت دفاع کی جانب سے جنرل عاصم منیر کی بطور فیلڈ مارشل ترقی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ترقی پاکستان آرمی ریگولیشنز (رولز 1998)کے تحت دی گئی۔یاد رہے کہ منگل کے روز وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی گئی ۔دریں اثنا چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نشانِ امتیاز (ملٹری) نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے معزز و اعلی ترین رینک پر ترقی پانے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اپنے تہنیتی پیغام میں جنرل ساحر شمشاد مرزا نے جنرل عاصم منیر کی شاندار قیادت، غیر متزلزل عزم اور قوم کے لیے ان کی ممتاز خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے حالیہ کامیاب آپریشنز “معرکہ حق” اور “بنیان مرصوص” کی کامیاب منصوبہ بندی اور قیادت کو بھی سراہا جو قومی سلامتی اور دفاع کے لیے ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔چیئرمین جوائنٹ چیفس نے اس امید کا اظہار کیا کہ جنرل عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان مزید استحکام اور کامیابی کی طرف گامزن رہیں گی۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی کا نوٹیفکیشن جاری
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
