خضدار حملے کا بدلہ ضرور لیا جائے گا، سرفراز بگٹی

کوئٹہ (آئی این پی )وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے خضدار میں اسکول بس پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم بزدلانہ حملوں پر خاموش تماشائی نہیں بن سکتے۔وزیراعلی بلوچستان نے بدھ کو کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ آج صبح خضدار میں اسکول بس پر حملہ کیا گیا جس میں 47 بچے سوار تھے اور اس افسوسناک واقعے میں 4 بچے شہید ہو گئے۔سرفراز بگٹی نے کہا کہ اطلاعات تھیں کہ بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول بزدلانہ حملے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، تاہم یہ اندازہ نہیں تھا کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔ وزیراعلی نے کہا کہ بھارت اپنی جنگی شکست چھپانے کے لیے ایسے اقدامات پر اتر آیا ہے اور بی ایل اے اور بی ایل ایف جیسے گروہ ہمیشہ سافٹ ٹارگٹ کو نشانہ بناتے ہیں ۔بھارت دہشت گردوں کو پیسہ اور ٹریننگ فراہم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بلوچ نے پنجاب کو نشانہ نہیں بنایا، دہشتگردوں نے پاکستانیوں کو شہید کیا ہے اور اب جب بات بچوں تک پہنچ چکی ہے،وزیراعلی نے واضح کیا کہ دہشتگردوں سے بدلہ لیا جائے گا اور ان بزدل عناصر کو جہنم واصل کیا جائے گا۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ معصوم بچوں کا مقدس خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا اور دہشتگردوں کی نہ کوئی قوم ہے نہ قبیلہ، وہ صرف دہشتگرد ہیں، جنہیں عبرت کا نشان بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تمام دہشتگرد تنظیموں کی نانی ایک ہے اور وہ سب بھارت کی پشت پناہی سے کام کر رہی ہیں۔انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ بلوچستان میں امن قائم ہوگا اور دہشتگردوں کو چن چن کر ختم کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں