بلاول عوامی مینڈیٹ سے پاکستان کے اگلے نوجوان وزیراعظم ہوں گے، صدر زرداری

لاہور (آئی این پی )صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری عوامی مینڈیٹ سے پاکستان کے اگلے نوجوان وزیراعظم ہوں گے۔ انہوں نے یہ بات گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کی قیادت میں پیپلز پارٹی اٹک کی تنظیم اور ٹکٹ ہولڈرز سے ملاقات کے دوران کہی جنہوں نے گورنر ہاﺅس لاہور میں ان سے ملاقات کی ۔اس موقع پر صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا پاکستان ہے تو تمام سیاسی جماعتیں ہیں، پاک بھارت کشیدگی میں تمام سیاسی جماعتیں اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوئیں جس کے باعث بھارت کو منہ کی کھانا پڑی۔صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ملک اور جمہوریت کی خاطر قربانیاں دیں، پیپلز پارٹی پنجاب میں متحرک اور فعال ہو گئی ہے، بلاول بھٹو زرداری عوامی مینڈیٹ سے ملک کے اگلے نوجوان وزیراعظم ہوں گے۔ان کا کہنا تھا پیپلز پارٹی مزدوروں، محنت کشوں، سرکاری ملازمین اور پسے ہوئے طبقے کی جماعت ہے۔اس موقع پر اٹک کی تنظیم نے صدر آصف علی زرداری کو اٹک کے دورے کی دعوت بھی دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں