وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ کا دورہ مکمل کرکے تہران چلے گئے

استنبول (آئی این پی )وزیراعظم محمد شہباز شریف ترکیہ کا 2 روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد ایران کے دارالحکومت تہران کے لیے روانہ ہو گئے ۔استنبول ایئرپورٹ پر وزیر اعظم کو پرتپاک انداز میں رخصت کیا گیا، جہاں ترک وزیر دفاع یشار گیولر، استنبول کے ڈپٹی گورنر الکر حاقتان کچمز، پاکستان ترکیہ کلچرل ایسوسی ایشن کے صدر برہان قایاترک، ترکیہ میں پاکستان کے سفیر یوسف جنید اور استنبول میں تعینات پاکستانی کونسل جنرل نعمان اسلم سمیت حکومت ترکیہ کے اعلی حکام اور پاکستانی سفارتکار موجود تھے۔وزیراعظم شہباز شریف کے اس دورے کو دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کے فروغ کی ایک اہم کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔ دورے کے دوران وزیراعظم نے ترکیہ کی اعلی قیادت سے ملاقاتیں کیں اور دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔دورہ مکمل ہونے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف تہران روانہ ہو گئے، جہاں وہ ایرانی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں خطے کی مجموعی صورتحال، باہمی تعاون اور اقتصادی شراکت داری پر بھی گفتگو متوقع ہے۔وزیراعظم کے حالیہ دورہ ترکیہ کو سفارتی حلقے پاکستان کی خارجہ پالیسی میں ایک مثبت پیش رفت قرار دے رہے ہیں، جو خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔واضح رہے کہ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی بھی 1 روزہ دورے پر آج ایران روانہ ہوئے، جہاں وہ وزیراعظم شہباز شریف کے وفد میں شامل ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں