صوبہ بچاﺅ تحریک کا دائرہ کار پھیلے گا، پی ٹی آئی کی غنڈہ سرکار روک نہیں سکے گی، بلاول بھٹو

کراچی (آئی این پی )چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پشاور میں احتجاج کرنے والے جیالوں پر تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اب صوبہ بچا ﺅ تحریک کا دائرہ کار خیبرپختونخوا کی گلی گلی اور کوچے کوچے تک پھیلے گا اور پی ٹی آئی کی غنڈہ سرکار اسے روک نہیں سکے گی۔ بلاول بھٹو نے پاکستان پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر محمد علی شاہ باچا سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، اور پیپلزپارٹی کی ریلی میں شریک کارکنان پر تشدد سے متعلق دریافت کیا، اور ریلی کے انعقاد پر شاباش دی۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے پرامن احتجاج سے گھبرا کر خیبرپختونخوا حکومت نے آنسوگیس کی شیلنگ کی، خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت کو عوام سے براہ راست ٹکراﺅ کی حکمت عملی مہنگی پڑے گی۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے کرپشن، لاقانونیت اور بے روزگاری سے تنگ آئے عوام پر تشدد قابل مذمت ہے، اب صوبہ بچاﺅ تحریک کا دائرہ کار خیبرپختونخوا کے گلی گلی اور کوچے کوچے تک پھیلایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں