کوئی بھی پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو نشانہ بنانے کی جرات نہیں کر سکتا، ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی (آئی این پی )پاک فوج کے شعب تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ کوئی بھی پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو نشانہ بنانے کی جرات نہیں کر سکتا، پاکستان کا ایٹمی پروگرام مکمل طور پر محفوظ ہے، ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کو بھارت نے ایک پالیسی کے طور پر پاکستان کے خلاف اپنایا ہوا ہے، بھارت کے یہ مذموم عزائم پاکستان کی سلامتی، بالخصوص بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کی منظم سازش کا حصہ ہیں۔الجزیرہ ٹی وی کو دئیے گئے انٹرویو میں لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے وضاحت کی کہ خوارج کی اصطلاح ان مسلح گروہوں کے لیے استعمال کی جاتی ہے جو ریاست اور افواجِ پاکستان پر حملے کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ فتنہ الخوارج درحقیقت اسی گمراہ عقیدے کا تسلسل ہے، جو صدیوں سے مسلمانوں کو اپنے نظریاتی انحراف کی بنیاد پر قتل کرتا چلا آیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام میں جہاد یا قتال کا اختیار صرف ریاست کے پاس ہے، کسی فرد، گروہ یا تنظیم کو یہ حق حاصل نہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس بات پر زور دیا کہ فتنہ الخوارج کا نہ اسلام، نہ انسانیت، نہ پاکستان اور نہ ہی ہماری روایات سے کوئی تعلق ہے۔ اسی طرح انہوں نے فتنہ الہندوستان کی اصطلاح کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ان دہشتگردوں کے لیے استعمال کی جاتی ہے جنہیں بھارت کی مکمل سرپرستی حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ عناصر بلوچستان میں خاص طور پر ملک کو غیر مستحکم کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی ریاستی دہشتگردی کا نیٹ ورک اجیت دوول کی سربراہی میں کام کر رہا ہے اور بھارت کی سیاسی قیادت متعدد مواقع پر پاکستان میں دہشتگردی کی پشت پناہی کا کھلم کھلا اعتراف کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ، کینیڈا سمیت کئی مغربی ممالک بھارتی ریاستی دہشتگردی کا اعتراف کر چکے ہیں، جو ایک سنگین عالمی خطرے کی نشاندہی کرتا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے انٹرویو کے دوران ایران پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان کی سیاسی و سفارتی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلامی ممالک کے خلاف کسی بھی جارحیت کو علاقائی استحکام کے لیے سنگین خطرہ سمجھتا ہے۔جوہری پروگرام سے متعلق سوال کے جواب میں لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح اور پرعزم موقف اپناتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام مکمل طور پر محفوظ ہے اور کوئی بھی ملک اسے نشانہ بنانے کی جرات نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا، پاکستان ایک ذمہ دار اور ڈکلیئرڈ ایٹمی طاقت ہے۔ ہماری جوہری صلاحیت ناقابل تسخیر ہے اور یہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں اور موجودہ علاقائی توازن پر اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں