23مارچ یوم پاکستان آج (اتوار کو ) جوش و جذبے اور قومی یکجہتی کے ساتھ منایا جائے گا۔ یوم پاکستان پریڈ ایوان صدر کے احاطے میں منعقد ہوگی ۔ پریڈ میں بدستور تینوں مسلح افواج کے دستے بھرپور شرکت کریں گے، صدر مملکت آصف علی زرداری یوم پاکستان کی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔ پریڈ میں مسلح افواج کے دستے مہمان خصوصی کو سلامی پیش کریں گے جبکہ پاک فضائیہ کے لڑاکا طیارے بھی ایوان صدر کے سامنے فلائی پاسٹ کریں گے۔رمضان المبارک کے باعث پریڈ کو محدود پیمانے پر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پریڈ میں پاکستان آرمی کا مایہ ناز پائپ اینڈ پرکشن بینڈ اپنے فن کا مظاہرہ کرے گا، تقریب میں غیرملکی سفیروں اور دیگر اہم شخصیات کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ یہ دن 23 مارچ 1940 کو آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد کی یاد میں منایا جاتا ہے جس کی روشنی میں برصغیر کے مسلمانوں کے لئے ایک علیحدہ وطن کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔ آج دن کے آغاز پر ملک و ملت کی سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی اور شکرانے کے نفل ادا کیے جائیں گے اس دن کے حوالے سے اخبارات خصوصی ایڈیشن شائع کریں گے جبکہ ریڈیو پاکستان،پی ٹی وی اور نجی ٹی وی چینلز سے بھی خصوصی دستاویزی پروگرام نشر کیے جائیں گے ۔ ملک بھر میںیوم پاکستان کی خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔تمام سرکاری و نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے جائیں گے۔پی ٹی وی اور نجی ٹی وی چینلز سے بھی خصوصی دستاویزی پروگرام نشر کیے جائیں گے جس میں یوم پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے گا۔کراچی میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح اورلاہورمیں شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی سادہ اور پُروقار تقریبات منعقد کی جائیں گی۔یوم پاکستان پر محدود پیمانے پر فوجی پریڈ کا انعقاد بھی ہوگا جس میں تینوں مسلح افواج کے دستے شریک ہوں گے،پاک فضائیہ کے لڑاکا طیارے فلائی پاسٹ کریں گے۔
یوم پاکستان آج جوش و جذبے اور قومی یکجہتی کے ساتھ منایا جائے گا
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
