مریم نواز کانوازشریف انٹرنیٹ سٹی بنانے کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں پہلا نوازشریف کے نام سے منسوب انٹرنیٹ سٹی بنانے کا اعلان کر دیا۔وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف نے اناطولیہ ڈپلومیسی فورم میں تعلیم کی انقلابی طاقت کے عنوان سے تاریخی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر بچہ سکول میں داخل ہو اور سکول میں پڑھتا رہے اور کامیابی حاصل کرے جبکہ انہوں نے فورم میں گرلز ایجوکیشن کے لئے عالمی معاہدہ تشکیل دینے اور باہمی اشتراک کار سے تعلیمی پالیسی، تدریسی حکمت عملی اور فروغ تعلیم کے لئے اقدامات کی تجاویز بھی دیں۔انہوں نے کہا کہ ریاست نہیں بلکہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے با وقار سفارت کاری کے فروغ کے لئے فرینڈز آف ایجوکیشن کا ویژن بھی سامنے رکھا، ترکیہ کی اعلی یونیورسٹیوں کو پنجاب میں کیمپس قائم کرنے کی دعوت دی گئی۔وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ترکیہ کے ادارے پنجاب میں نوجوانوں کے لئے اعلی مراکز قائم کریں، دونوں ممالک کی باہمی شراکت داری اور ایکسچینج پروگرام سے روشن مستقبل کی بنیاد رکھیں گے، ایسا مستقبل چاہتے ہیں جس پر پاکستان ہی نہیں بلکہ ترکیہ کی آئندہ آنے والی نسلیں بھی فخر کریں۔مریم نواز نے کہا کہ ہم اجتماعی طور پر ہر وہ کام کرسکتے ہیں جو انفرادی طورپر مشکل نظر آتا ہے، ترک خاتون اوّل کی قیادت میں اناطولیہ ڈپلومیسی فورم کا انعقاد خوش آئند اور وویمن لیڈر شپ کا کامیاب ماڈل ہے، ہم مل جل کر تمام مسائل کے حل پر قادر ہوسکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کامیابی کی داستانوں کی گونج دوسرے ممالک میں بھی سنائی دیتی ہے، پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں خاتو ن وزیراعلیٰ کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے رہی ہوں، ہماری تعلیمی پالیسی کی بنیاد انقلاب آفرین اصلاحات ہیں، خواتین اور بچوں کے لئے تعلیم،انصاف، عزت ووقار اور مساوی مواقع ہماری اولین ترجیح ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میں صوبے میں ایک منفرد طرز حکمرانی چاہتی ہوں جو ہر طرح موثر ہو، معاشرتی نا انصافیاں بچوں سے مکمل صلاحیتوں کے اظہار کا حق چھین لیتی ہیں، ایجوکیشن محض ایک ڈیپارٹمنٹ نہیں بلکہ امید کی روشن کرن کا اظہار ہے۔مریم نوازشریف کا کہنا تھا کہ ہم نے اصلاحات کا آغاز سکولوں سے کیا، 3بار پاکستان کے وزیراعظم رہنے والے محمد نوازشریف اور 3بار وزیراعلیٰ رہنے والے محمد شہبازشریف نے پنجاب میں ترقی او راصلاحات کی ٹھو س بنیاد رکھی۔انہوں نے کہا کہ تعلیم،صحت،انفراسٹرکچراورسماجی ترقی کے شعبو ں میں محمد نوازشریف اورمحمد شہبازشریف کی شاندار کامیابیاں میرے لئے مشعل راہ ہیں، بحیثیت وزیراعلیٰ تعلیمی اداروں میں عمارتوں کی بہتری ہی نہیں بلکہ روایتی سوچ کو بدلنے کا چیلنج بھی درپیش تھا ، روز بروز بدلتی ہوئی ٹیکنالوجی اور ایجوکیشن موثر تعلیمی اصلاحات کے متقاضی ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے پنجاب میں سکول ایجوکیشن ریفارمز کا تاریخ ساز آغاز ہوچکا ہے، پنجاب میں تعلیمی اصلاحات کا مقصد محض خواندگی نہیں بلکہ لرننگ فریڈم اور روشن مستقبل بھی ہے، تعلیمی اصلاحات کو موثر بنانے کے لئے براہ راست خود نگرانی کررہی ہوں، صوبہ بھر کے 4ہزار سے زائد پرائمری سکولوں کو ایلیمنٹری لیول پر اپ گریڈ کیاجا رہا ہے۔مریم نواز نے کہا کہ پرائمری سکولوں کی ایلیمنٹری اپ گریڈیشن کا مقصد پانچویں جماعت کے بعد بچوں کی تعلیم کا تسلسل ہے، ٹیکنالوجی اور تعلیم کو یکجا کرنے کے لئے 6ہزارسکولوں میں ڈیجیٹل لرننگ روم قائم کئے جا رہے ہیں، بلیک بورڈ، چاک اورڈسٹر کا وقت گزر چکا ہے،اب پنجاب کے طلبہ ڈیجیٹل سکرین کے ذریعے سائنس اور ٹیکنالوجی سیکھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں