بھارت نے فوجی تصادم کا راستہ چنا تو یہ ان کی چوائس ہے، آگے معاملہ کدھر جاتا ہے وہ ہماری چوائس ہے،ترجمان پاک فوج

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے پاکستان نے عالمی برادری سے مل کر کام کیا ہے، دہشت گردی سے پاکستان نے جتنا نقصان اٹھایا اتنا کسی کا نہیں ہوا، پہلگام واقعے کے بعد بھارت کے غیر ذمہ دارانہ و جارحانہ رویے اور اقدامات سے پورا خطہ عدم استحکام کا شکار ہوا، کسی بھی جارحانہ اقدام کا بھرپور جواب دیا جائے گا

پاکستان ہرقسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے، نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوئی بھی کارروائی ناقابل قبول ہے۔ نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار بدھ کو یہاں ڈائریکٹر جنرل انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

پاکستان نے بھارت کو خبردار کیا کہ اگر اس نے کوئی مہم جوئی کی تو اس کا سخت جواب دیا جائے گا، کسی بھی جارحیت کی صورت میں ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا دفاع کیا جائے گا۔سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارتی قیادت اپنی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لئے مختلف ہتھکنڈے استعمال کرتی ہے، پورا خطہ بھارت کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات کی وجہ سے خطرے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کو دہشت گردی سے منسلک کرنا چاہتا ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں میں کشمیر کو متنازعہ علاقہ تسلیم کیا گیا ہے۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حقوق کو کچلنے کے لئے کالے قوانین کا سہارا لیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے پاکستان نے بھاری جانی اور مالی نقصان اٹھایا ہے، پاکستانی قوم اور اداروں نے دہشت گردی کا جوانمردی سے مقابلہ کیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ پہلگام واقعہ کے فوری بعد ایف آئی آر کے اندراج اور مندرجات نے سوال پیدا کر دیئے ،جائے وقوعہ سے پولیس سٹیشن پہنچنے کیلئے کم از کم 30 منٹ کا سفر ہے، 10 منٹ میں کیسے ممکن ہے کہ کوئی ایف آئی آر درج کرا دے، 10 منٹ میں درج ایف آئی آر میں ہینڈلر جیسے الفاظ استعمال کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ الزام لگایا گیا کہ لوگوں کو شناخت کر کے مارا گیا، اتنے کم وقت میں لوگوں کی شناخت کس طرح ممکن ہے؟ وزیراعظم نے بھی بھارتی بیانیے پر سوال اٹھایا ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بھی بھارتی الزام تراشی کا بھانڈا پھوڑ دیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کامیابیاں سبوتاژ کرنا چاہتا ہے، بھارتی جیلوں میں قید پاکستانیوں کو دہشت گرد قرار دے کرجعلی مقابلوں میں نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پلوامہ واقعہ کو بھی سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا تھا، بھارتی شہری کہہ رہے ہیں کہ پہلگام واقعہ سکیورٹی ناکامی ہے۔

پاکستان نے کئی مرتبہ دنیا کے سامنے شواہد رکھے ہیں کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے، بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونے کے ثبوت موجود ہیں، بھارت خود ایک دہشت گرد ریاست ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستند معلومات ہیں کہ بھارت نے پہلگام واقعہ کے بعد اپنےآلہ کار پاکستان میں دہشت گردی کے لیے متحرک کر دیئے، افواج پاکستان اور خفیہ ایجنسیاں تمام صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں