ہجیرہ ، عباس پور (آئی این پی ) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر انجینئر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ شہداءکے خون کے ایک ایک قطرے کا مودی سے بدلہ لیں گے ، حکومت آزاد کشمیر سیز فائر لائن کے ملحقہ علاقوں میں ہر مرد و زن کو عسکری تربیت دے ، جماعت اسلامی پاکستان اور پاکستان کے پچیس کروڑ عوام کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہیں ، پاکستان نظریے کا نام ہے ، پاک فوج نے ہندوستان کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر پوری دنیا میں اپنا نام پیدا کیا ہے ، عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے آگے بڑھے ،ڈونلڈ ٹرمپ اگر ثالثی کے نام پر تقسیم کشمیر کی کوئی بات کرے گا تو قوم تسلیم نہیں کرے گی، کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دیا جائے ،مسئلہ کشمیر کو حل کیے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا امریکی صدر ٹرمپ نے ثالثی کا کہا ہے ، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں حل طلب مسئلہ موجود ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیز فائر لائن کے دورے کے دوران اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان ،سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی راجہ جہانگیر خان ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل جمیل احمد راٹھور ، نائب امیر جماعت سردار زاہد رفیق ، تحریک کشمیر کے برطانیہ کے صدر فہیم کیانی ، الطاف بھٹ ، سردار حبیب خان ، مختار علی خان ،سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے بھارتی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے ملاقاتیں کر کے ان کی حوصلہ افزائی کی ، حافظ نعیم الرحمن نے پاک فوج کی شاندار فتح پر سیز فائر لائن پر موجود جوانوں سے بھی ملاقاتیں کیں اور متاثرین سے بھی ملے ، انہوں نے اجتماعات اور ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری شہداءکے خون سے بے وفائی کرنے والوں کو پاکستانی قوم عبرت کا نشان بنائے گی ، جماعت اسلامی پاکستان اول روز سے تحریک آزادی کشمیر کی پشتیبانی کر رہی ہے اور صبح آزادی تک کرتی رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بٹل سے کراچی تک سیز فائر لائن سے لے کر گلگت بلتستان اور خیبر تک پوری قوم یک جان اور یک زبان ہے ، پاکستانی قوم نے تمام تر اختلافات کو ایک طرف رکھ کر پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوئی ہے ایٹمی پاکستان ہی کشمیریوں کی امید ہے ، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے سیز فائر لائن کا دورہ کر کے کشمیری قوم کے حوصلے بلند کیے ہیں ، جماعت اسلامی پاکستان اول روز سے تحریک آزادی کشمیر کی پشتیبان ہے اور صبح آزادی تک کشمیریوں کے شانہ بشانہ رہے گی ، کشمیریوں نے خون کے نذرانے پیش کر کے تکمیل پاکستان کی جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے ، تحریک آزادی کشمیر دراصل تحریک پاکستان کا ہی تسلسل ہے
شہداءکے خون کے ایک ایک قطرے کا مودی سے بدلہ لیں گے ، حافظ نعیم الرحمن
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
