سکھر حیدر آباد موٹروے منصوبہ بجٹ میں شامل کریں گے، شہباز شریف

وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی کے ارکان قومی اسمبلی کو سکھر حیدرآباد موٹروے منصوبہ آئندہ بجٹ میں شامل کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔سکھر حیدرآباد موٹروے پر قرارداد سے متعلق پیپلز پارٹی کے ارکان قومی اسمبلی آغا رفیع اللہ اور چیف وہپ اعجاز جکھرانی نے ملاقات کی۔ملاقات میں وزیر اعظم شہباز شریف نے یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ سکھر حیدرآباد موٹروے منصوبہ بجٹ میں رکھا جائے گا اور فوری کام شروع ہوگا۔ یاد رہے کہ آغا رفیع اللہ نے منصوبے سے متعلق توجہ دلا نوٹس قومی اسمبلی جمع کروایا تھا۔ ملاقات میں پی پی ارکان قومی اسمبلی نے کہا کہ سندھ کے عوام کیلئے اچھی خبر ہے امید کرتے ہیں جولائی سے منصوبے پر کام شروع ہوگا۔جنوری 2025 میں سکھر حیدرآباد موٹروے منصوبے کے حوالے سے سندھ اور وفاق میں چلنے والے تنازع میں وفاقی حکومت کی سندھ کے ساتھ نا انصافی کھل کر سامنے آئی تھی ۔واضح رہے کہ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے وفاق کو ایک خط لکھ کر کہا تھا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے 105 منصوبے ہیں لیکن ان میں سندھ کیلئے صرف 6 منصوبے رکھے گئے ہیں ۔ یہ وفاقی حکومت کا سوتیلا پن ہے جو پنجاب کیلئے نیشنل ہائی وے کی طرف سے 33 منصوبے رکھے گئے۔ مراد علی شاہ نے مطالبہ کیا تھا کہ اس وقت وفاقی حکومت جو موٹرویز کے لنک روڈز کیلئے فنڈز مختص کرنے پر غور کر رہی ہے اس کی بجائے ضروری یہ ہے یہ وسائل بغیر کسی تاخیر کے M-6 پروجیکٹ کی طرف موڑے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں