اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما سینیٹرشیری رحمان نے کہا ہے کہ بھارت بلاول بھٹو کے نام سے ڈرگیا ہے اس لیے تنقید کررہا ہے، بھارت کو پہلی مرتبہ سفارتی سطح پر بدترین شکست ہوئی ہے۔ایک انٹرویو میں سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ بھارت نے اس وقت منفی رویہ اختیار کررکھا ہے، بھارت نے سفارتی محاذ پر 7 ٹیمیں بنائی ہیں جبکہ ہماری 2 ٹیمیں ہیں، ہمارے سوشل میڈیا اکاﺅنٹس بھارت میں بند ہیں۔ شیری رحمان نے کہا کہ بھارت سچ چھپانے کےلئے بوکھلاہٹ کا شکار ہوگیا ہے، بھارت کو شکست ہوئی ہے یہ بات دنیا سے چھپ نہیں سکتی۔انھوں نے کہا کہ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے بار بار پاکستان کی تعریف کی، امریکی صدر نے واضح طور پر پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا، امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان کےساتھ تجارت کروں گا۔ بھارت کو غصہ ہے کہ سیزفائر مانگنے کی بات سامنے کیوں آئی، ہمارے یورپ اور واشنگٹن الگ الگ وفود جائیں گے، بھارت میں اب اپوزیشن سوال اٹھارہی ہے۔شیری رحمان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کے پاس اپوزیشن کو جواب دینے کےلئے کچھ نہیں، بھارت میں سوال اٹھ رہے ہیں کہ آپ کی الٹی تباہی ہوگئی، بھارت کوملٹری اورسفارتی سطح پربڑی شکست ہضم نہیں ہورہی۔بھارت اپنے نقصانات بتانا نہیں چاہتا اس لیے کہہ رہا ہے حالت جنگ میں ہیں، بھارت اپنے عوام کے سامنے مسلسل جھوٹ کی فلم چلا رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ بھارت اپنی شکست چھپانے کےلئے کہہ رہا ہے کہ جنگ جاری ہے، بھارت اپنے ملک میں کچھ بھی بولے باہر تو سیزفائر ہی مانگا ہے۔
بھارت بلاول کے نام سے ڈرگیا، اسے سفارتی سطح پر بدترین شکست ہوئی، شیری رحمان
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
