پہلے جھکے نہ اب جھکیں گے، شہادت ہمارے لیے زندگی سے افضل ہے، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری

راولپنڈی(آئی این پی )پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان پہلے جھکا ہے نہ اب جھکے گا، ہماری شہادت کی آرزو زندگی سے زیادہ ہے، ایک ملک جھوٹے بیانیے کی بنیاد پر ثبوت کے بغیر الزامات لگا رہا ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے چائنہ میڈیا گروپ کو خصوصی انٹرویو میں کیا ۔ ڈی جی آئی ایس پی آ ر نے بھارت کیساتھ کشیدگی، پاک چین تعلقات اور خطے کی صورتحال پر اپنا موقف پیش کیا۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا تھا کہ دنیا کے جتنے بھی ممالک ہیں سب کو بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، جو بڑے ممالک ہیں ان کا ویژن بھی بڑا ہے، لوگ انسانیت کی ترقی کی جانب دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نہ تو پہلے جھکی تھی اور نہ ہم اب جھکیں گے، پہلے بھی کہتا رہا ہوں اور اب بھی کہتا ہوں کہ ہماری شہادت کی آرزو زندگی سے زیادہ ہے، چاہے کسی نے نیلی، سفید یا خاکی وردی پہن رکھی ہے شہادت ہمارے لئے اعزاز ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین دنیا میں دو ذمہ دار ملک ہیں، پاکستان اور چین دونوں کی پہلی ترجیح لوگوں کی فلاح و بہبود ہے، لوگوں کی خوشحالی ہمیشہ امن و استحکام سے آتی ہے، پاکستان اور چین دونوں خطے میں امن و استحکام کیلئے کوشاں ہیں، اس کیلئے ہم دہشتگردی کی لعنت سے لڑ رہے ہیں، دہشتگردی کا مقصد ہی ترقی کو روکنا ہے۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ چین نے انتہائی کم عرصے میں اتنی بڑی آبادی کے ساتھ جو ترقی کی ہے اسے دنیا کو دیکھنا چاہئے، پاکستان کے عوام بھی یہی چاہتے ہیں کہ ہم ترقی اور استحکام کی جانب جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری پہلی ترجیح امن ہے، آج پاکستان کی گلیوں میں دیکھیں تو آپ کو فتح نہیں امن کی خوشی مناتے لوگ نظر آئیں گے، پاکستان کے لوگوں میں آپ کو انسانیت نظر آئے گی۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ ہم عاجزی کرتے ہوئے اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں، ہم اللہ تعالی کے حضور سجدہ شکر ادا کرتے ہیں کیونکہ ہم امن پسند ہیں، آپ دیکھیں گے کہ انشا اللہ پاکستان تیزی سے ترقی کرے گا۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا ہے کہ ایک ملک جھوٹے بیانیے کی بنیاد پر ثبوت کے بغیر الزامات لگا رہا ہے، پاکستانی قوم پہلے کبھی جھکی تھی نہ آئندہ کبھی ہم جھکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں اللہ تعالی کی مدد کے بعد ہماری جیت کی سب سے بڑی وجہ ہماری خوداعتمادی اور عزم ہے، جو ہم نے دکھایا، اسی وجہ سے دنیا نے ہمارا ساتھ دیا۔ی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ایک ملک اگر جھوٹے بیانیے کی بنیاد پر اپنی اجاراداری قائم کرنے کے لیے ہم پر چڑھ دوڑے تو ہم کبھی اس کی اجازت نہیں دیں گے، ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ دہشت گردی ہے، پاکستان اور چین اس برائی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے متحد ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے میچیور اور بڑے ممالک کا وژن بھی بڑا ہے، لوگ انسانیت کی ترقی کی جانب دیکھ رہے ہیں، دنیا کو موسمیاتی تبدیلی کے مسائل کا سامنا ہے، بڑھتی ہوئی آبادی کے مسائل درپیش ہیں، دنیا کو مس انفارمیشن کا سامنا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے بڑے ممالک کام کر رہے ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے سوال اٹھایا کہ کیا موجودہ جدید دنیا میں کوئی ملک اپنے پڑوسی ممالک پر اجارہ داری مسلط کرنے کی کوشش کرسکتا ہے؟ پاکستانی قوم پہلے کبھی جھکی تھی اور نہ اب ہم جھکیں گے، پہلے بھی کہا تھا، اب پھر دہراتا ہوں کہ ہماری شہادت کی آرزو زندگی سے زیادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ چاہے نیلی وردی والا ہو، سفید یا خاکی، شہادت ہمارے لیے اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن اور ترقی کے لیے اب آہنی دیوار جس میں افواج، عوام، حکومت، میڈیا اور نوجوان طبقہ شامل ہے، اس کا رخ اب ہم نے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کی طرف موڑنا ہے، جس کے بعد ان شاللہ ہم ترقی کی نئی منزل کو چھوئیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں