بیجنگ(آئی این پی )نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان چین کے ساتھ آہنی دوستی کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے جبکہ چینی وزیرلیوجیان چا ﺅ کا کہناتھا کہ چین پاکستان کو فولادی دوست اور ہمہ موسمی تزویراتی شراکت دار سمجھتا ہے،پاکستان کےساتھ تعلقات کو ترجیح دیتا رہے گا۔ نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے منگل کو بیجنگ میں چین کی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی شعبے(آئی ڈی سی پی سی) کے وزیر لیو جیان چا ﺅسے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور دیگر باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی وعالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان چین کے ساتھ آہنی دوستی کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔انہوں نے پاکستان کی خود مختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے امور پر چین کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا اور دونوں ممالک کے مابین دیرینہ تعلقات اور اسٹریٹجک تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر لیو جیان چا نے اس بات کا اعادہ کیا کہ چین پاکستان کا ہر موسم کا اسٹریٹجک پارٹنر اور آہنی دوست ہے اور چین اپنی خارجہ پالیسی میں پاکستان کو ہمیشہ ترجیح دے گا۔دونوں رہنماﺅں نے اسٹریٹجک تعاون اور پاکستان کی سیاسی جماعتوں اور چینی کمیونسٹ پارٹی کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا
پاکستان چین کے ساتھ آہنی دوستی کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے،اسحاق ڈار
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
