فیلڈ مارشل کے عہدہ پر ترقی، سیاسی و عسکری قیادت کی سید عاصم منیر کو مبارکباد

صدر مملکت اور وزیر اعظم پاکستان سمیت وفاقی وزرا، چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی پانے پر مبارکباد دی ہے۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی پر دلی مبارکباد دی اور کہا کہ آرمی چیف نے معرکہ حق کے دوران آپریشن بنیان مرصوص میں اپنی قائدانہ اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔شہباز شریف نے کہا کہ جنرل سید عاصم منیر کو اللہ تعالیٰ نے بے مثال خوبیوں سے نوازا ہے، آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی میں ان کی دلیری، استقامت اور دانشمندی کا کلیدی کردار تھا۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی دفاع وطن کیلئے گراں قدر خدمات اور آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے خطے میں طاقت کے توازن کو قائم کرنے کیلئے اقدامات پر انہیں فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دی گئی۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران آرمی چیف سے لے کر سرحدوں پر دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے والے ہر سپاہی نے دفاع وطن کیلئے دلیری سے اپنی خدمات سر انجام دیں، مجھ سمیت پوری قوم کو آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور انکی قیادت میں اپنی بہادر افواج کے غازیان و شہداء اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وفاقی کابینہ کے آرمی چیف سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کا خیر مقدم کیا، سردار ایاز صادق نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی ملنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ کابینہ کے اس فیصلے سے پاکستان کی افواج کا مورال مزید بلند ہو گا، جنرل سید عاصم منیر حقیقی معنوں میں فیلڈ مارشل کے عہدے کے مستحق تھے، انہوں نے بنیان مرصوص آپریشن کے ذریعے دشمن کو شکست فاش سے دوچار کیا۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جرأت اور بہادری کے اعزاز میں ان کی ترقی قابل ستائش ہے، سپیکر قومی اسمبلی نے معرکہ حق کے شہداء اور غازیوں کو اعلیٰ سول ایوارڈ دینے کا بھی خیر مقدم کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے شہداء اور غازی ہمارے حقیقی ہیروز ہیں، پوری قوم اپنے شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتی ہے، پاکستان کی مسلح افواج نے آپریشن بنیان مرصوص میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ آج پوری دنیا پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی معترف ہے، پاکستان کی افواج نے ملک کا نام دنیا بھر میں سر بلند کیا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی ملنے پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔مریم نواز نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ملک وقوم کے لئے قابلِ قدر خدمات سر انجام دیں، دعا ہے جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج پیشہ ورانہ مہارت اور قابلیت کی بلندی تک پہنچ جائے۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بننے پر مبارکباد دی اور کہا کہ دشمن کو شکست فاش دینے پر سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر اس عہدہ کے اصل حق دار ہیں۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بننے پر مبارکباد دی اور کہا کہ جنرل عاصم منیر کی فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی سے پاک فوج کا مورال بلند ہوگا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی ملنے پر جنرل سید عاصم منیر کو مبارکباد دی اور کہا کہ جنرل سید عاصم منیر نے محنت، صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ مہارت سے یہ مقام حاصل کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں