چیلنج کرتاہوں مخالفین ہمارے تین ارکان بھی نہیں توڑ سکتے، جنید اکبر

اسلام آباد(آئی این پی )صدرپی ٹی آئی خیبرپختونخوا جنید اکبر نے کہا ہے کہ مخالفین کا دعوی ہے کہ ہمارے 35 ارکان ان کے ساتھ ہیں، میں انہیں چیلنج کرتا ہوں کہ ہمارے 3 ارکان بھی توڑ کر دکھائیں ۔ایک انٹرویو کے دوران وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردارعلی امین گنڈا پور کے بعد جنید اکبر نے بھی خیبرپختونخوا حکومت کے متعلق چیلنج دیا اور کہا کہ مخالفین 35 ارکان کی بات کرتے ہیں، میں چیلنج کرتا ہوں کہ وہ ہمارے 3 ارکان بھی نہیں توڑ سکتے۔جنید اکبر کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پہلے بھی بانی پی ٹی آئی کا تھا اور اب بھی انہی کا ہی ہے۔مذاکرات سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ہمیں مذاکرات سے کبھی نہیں روکا۔ سیاست تو نام ہی مذاکرات کا ہے، اس سے قبل بھی ہم مذاکرات کیلئے تیار تھے، اب بھی تیارہیں اور آئندہ بھی تیار رہیں گے۔ ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ مذاکرات کے نام پر کوئی بتی کے پیچھے لگائے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بے مقصد مذاکرات نہیں ہونے چاہییں اور نہ ہی ان سے مذاکرات ہونے چاہییں جو بے اختیار ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں