اسلام آباد (آئی این پی )پاکستان سمیت دنیا بھر میں خاتم النبیین رسول اکرم ﷺ کے نواسے حضرت امام حسین ؓسمیت دیگر شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کی یاد میں یومِ عاشور ( 10 محرم الحرام ) کل (اتوار کو)مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا، ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نویں اور دسویں محرم الحرام کو ماتمی جلوس نکالے جائیں گے۔ شبیہ علم، شبیہ ذوالجناح اور تعزیہ کے جلوس برآمد ہوں گے ، مجالس عزا ہوں گی۔ امام بارگاہوں اور گھروں میں مجالس کا اہتمام ہوگا ،جس میں شریک عزادار ماتم اور زنجیر زنی کریں گے، علما و ذاکرین شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کا ذکر کریں گے اور حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کی تعلیمات اور سانحہ کربلا کے مختلف پہلوﺅ ں پر روشنی ڈالیں گے۔مساجد اور دیگر مقامات پر بھی یوم عاشور کی مناسبت سے سیمینارز اور کانفرنسز منعقد ہوں گی جس میں علمائے کرام نواسہ رسول ؓ اور ان کے رفقا کی عظیم قربانی کو موضوع بنائیں گے۔ ماتمی جلوسوں کے دوران کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ پاک فوج کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں جبکہ ملک کے حساس مختلف شہروں میں موبائل فون سروس بند رکھی جائے گی۔ ڈبل سواری اور ڈرون اڑانے پر پابندی عائد ہوگی۔ رینجرز کے دستے بھی پولیس کی معاونت کریں گے، جلوس کے راستوں میں آنےوالی مارکیٹیں سیل رہیں گی جبکہ کوئیک رسپانس فورس کے دستے اسٹینڈ بائی رہیں گے۔ جلوس نکلنے سے قبل بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیمیں علاقے کو کلئیر کریں گی، جلوس کی گزر گاہوں کو قناطیں لگا کر بند کیا گیا ہے ، جلوس کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس کی ناکہ بندی کی جارہی ہے ۔ڈرون کیمروں کی مدد سے بھی نگرانی کی جارہی ہے ۔ مرکزی جلوس کے راستوں میں پانی اور دودھ کی سبیلیں لگائی جائیں گی ۔
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
