ملکی زرمبادلہ ذخائر 20 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئے۔
اسٹیٹ بینک نے زرمبادلہ کے ذخائر سے متعلق ہفتہ وار اعداد و شمار جاری کردیے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق 4 جولائی کو ختم ہوئے کاروباری ہفتے میں ملکی زرمبادلہ ذخائر میں ایک ارب 93 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔اس اضافے کے بعد ملکی زرمبادلہ ذخائر 20 ارب 2 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئے ۔
اعلامیے کے مطابق اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں ایک ارب 77 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا جس کے بعد مرکزی بینک کے ذخائر 14 ارب 50 کروڑ ڈالر ہو گئے۔
اسی دوران کمرشل بینکوں کے ذخائر میں بھی 16 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا اور ان کا مجموعی حجم 5 ارب 52 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔