اسلام آباد،کوئٹہ،ڈیرہ غازی خان (آئی این پی )صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں پنجابی مسافروں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے خاتمے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے بلوچستان میں مسافروں کے سفاکانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے بس سے اتار کر معصوم شہریوں کو بے دردی سے قتل کیا، یہ بربریت فتنہ الہندوستان کی پاکستان میں خونریزی کی گھناﺅنی سازش ہے۔آصف زرداری نے کہا کہ فتنہ الہندوستان پاکستان میں انتشار اور بد امنی پھیلانا چاہتا ہے، ہم اپنی سرزمین کو فتنہ الہندوستان اور اس کے سہولت کاروں سے ہر صورت پاک کریں گے ، دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔صدر مملکت نے کہا کہ ہم لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اوران کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی میں قتل ہونے والے بے گناہ افراد کے خون کا بدلہ لیا جائے گا۔وزیر اعظم ہاﺅس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کی ایک اور سفاکانہ کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ نہتے شہریوں کا قتل فتنہ الہندوستان کی کھلی دہشت گردی ہے، دہشت گردوں سے پوری قوت سے نمٹیں گے۔انہوں نے کہا کہ بے گناہ افراد کے خون کا بدلہ لیا جائے گا، عزم اور اتحاد سے دہشت گردی کے ناسور کو ختم کر کے دم لیں گے۔ادھر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی سرہ ڈاکئی میں دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔محسن نقوی نے واقعہ کو فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سفاکیت کی انتہا ہے، انہوں نے اس دلخراش واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ یہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی ہے، بے گناہ اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر دشمن نے اپنی درندگی کا مظاہرہ کیا۔دریں اثنا وزیراعلی بلوچستان میرسرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ نہتے مسافروں کا قتل فتنہ الہندوستان کی کھلی دہشتگردی ہے۔اپنے ایک بیان یمں وزیراعلی بلوچستان میرسرفراز بگٹی کا کہنا تھاکہ پاکستانی شناخت پر معصوموں کا قتل ناقابل معافی جرم ہے، جواب سخت ہوگا، دہشتگردوں نے انسان نہیں، بزدل درندے ہونے کا ثبوت دیا، بلوچستان کی مٹی میں بے گناہوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔سرفراز بگٹی نے کہا کہ ریاست ان قاتلوں کو زمین کے اندر بھی چھپنے نہیں دے گی، دہشتگردی کے ہر منصوبے کو طاقت، عزم اور اتحاد سے کچلیں گے، بلوچستان دشمنوں کے لئے قبرستان بنے گا، فتنہ الہندوستان کے پروردہ دہشتگردوں کے تمام نیٹ ورک تباہ کریں گے۔وزیراعلی بلوچستان کا مزیدکہنا ہے کہ یہ ریاستی جنگ ہے، اس میں دوٹوک فیصلہ ہوگا، پاکستانی عوام کے زخموں کا بدلہ لیں گے، دہشت کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔دہشتگردوں نے بزدل درندے ہونے کا ثبوت دیا، ہماراجواب سخت ہوگا۔ دوسری جانب بلوچستان میں قتل کیے جانیوالے 9 افراد کی لاشیں آبائی علاقوں میں پہنچا دی گئیں ،ڈیرہ غازی خان میں انتظامیہ نے لاشیں وصول کرلیں،مسافروں میں 2 سگے بھائی بھی شامل ہیں ۔کمشنر ڈی جی خان اشفاق احمد کے مطابق جاں بحق 9 افراد کی لاشیں بلوچستان پنجاب سرحدپر وصول کرلی گئیں جہاں سرحدی علاقے بواٹہ پر میتیں پولیٹیکل اسسٹنٹ اسد چانڈیہ نے وصول کیں جس کے بعد میتوں کو ان کے آبائی علاقوں میں روانہ کردیا گیا ہے۔انتظامیہ کے مطابق قتل کیے جانے والے تمام 9 مسافروں کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے ہے۔انتظامیہ نے بتایا کہ 2 بھائی جابر اور عثمان کا تعلق لودھراں کی تحصیل دنیاپو رسے تھا، محمد عرفان کا تعلق ڈی جی خان، صابر گوجرانوالہ، محمد آصف مظفرگڑھ اور غلام سعید کا تعلق خانیوال سے تھا۔اس کے علاوہ محمد جنید کا تعلق لاہور، محمد بلال کا اٹک اور بلاول کا تعلق گجرات سے تھا۔
نہتے مسافروں کا قتل فتنہ الہندوستان کی کھلی دہشتگردی ہے،دہشتگردوں نے بزدل درندے ہونے کا ثبوت دیا،فراز بگٹی
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
