جارحیت مسلط کی تو دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہیں: ترجمان پاک فوج

ڈی جی ،آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان پُر امن ملک ہے اور خطے میں امن چاہتا ہے، جارحیت مسلط کی تو دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔

پاک بھارت کشیدگی کے معاملے پر وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ اور ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز پبلک ریلیشن (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو بریفنگ دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کیمرا سیشن میں موجودہ صورتِ حال کے پیشِ نظر قومی سلامتی کے امور زیرِ غور لائے گئے، ڈی جی آئی ایس پی آر نے سیاسی رہنماؤں کو پاک فوج کی تیاریوں سے آگاہ کیا۔

وزیرِ اطلاعات نے سیاسی قائدین کو حکومتی سفارتی اقدامات سے آگاہ کیا۔مختلف جماعتوں کے رہنما سرکاری ٹی وی کے ہیڈ کوارٹرز پہنچے، جن میں مسلم لیگ ن کے رہنما خرم دستگیر، عابد شیر علی، مشیرِ داخلہ پرویز خٹک شامل تھے۔

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار بھی بریفنگ میں شرکت کے لیے موجود تھے، بریفنگ موجودہ قومی سلامتی کی صورتِ حال اور اس کے مضمرات کے حوالے سے دی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں