بھارت کا بلیم گیم بے نقاب ہوچکا ، دنیا جانتی ہے بھارت نے پاکستان پر الزامات لگائے ، اسحاق ڈار

اسلام آباد (آئی این پی ) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہاہے کہ بھارت کا بلیم گیم بے نقاب ہوچکا ہے کیونکہ دنیا جانتی ہے بھارت کی طرف سے پاکستان پر الزامات لگائے گئے، جنھیں پاکستان نے غلط ثابت کیا۔انہوں نے یہ بات چین کے دورے پر بیجنگ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی انہوں نے بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے تناظر میں گزشتہ تین ہفتوں میں پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کا ذکرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 3 ہفتے میں دنیا کی تمام ڈپلومیٹک کمیونٹی، 60 ممالک سے رابطے ہوئے جس میں سیاسی، علاقائی، گلوبل، سفارتی اور حالیہ تمام معاملات پر گفتگو ہوئی، چین ہمارا بہت قریبی دوست ہے۔وزیر خارجہ نے بتایا کہ وہ چینی وزیرخارجہ کی دعوت پرچین کا دورہ کررہے ہیں، جنوبی ایشیا کی صورتحال اورخطے میں امن واستحکام پر بات چیت ہوگی۔ جب دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ بیٹھتے ہیں تو تمام معاملات کو دیکھا جاتا ہے، پچھلے 3 ہفتے میں دوبار چینی وزیر خارجہ سے بات ہوئی۔انہوں نے کہا پاکستان کی خارجہ پالیسی میں چین ہمیشہ ایک اہم ستون رہا ہے اور یہ دورہ اس دیرینہ رفاقت کو مزید وسعت دینے کا ذریعہ بنے گا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر بھارتی پروپیگنڈے کا موثر جواب دے چکا ہے ۔ چین اور پوری دنیا کو سب معلوم ہے، دنیا کو معلوم ہے تمام بھارتی الزامات غلط تھے، دنیا کو پتہ ہے ہم پر بھارت کی جانب سے بے بنیاد الزامات لگائے گئے، بھارت کا بلیم گیم بے نقاب ہوچکا ہے۔ عالمی برادری اچھی طرح جان چکی ہے کہ بھارت کا بیانیہ محض سیاسی چالوں پر مبنی تھا، جس کا مقصد خطے میں کشیدگی کو بڑھانا تھا۔ قبل ازیں بھارت کو میدان میں ناکوں چنے چبوا کر پاکستان سفارتی محاذ پر بھی سرگرم ہو گیا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار تین روزہ دورے پر چین روانہ ہو گئے ۔وزیر خارجہ چینی ہم منصب سے جنوبی ایشیا کی صورتحال اور اثرات پر بات کریں گے، دونوں رہنما پاکستان اور چین کے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوں کا جائزہ لیں گے، دونوں رہنما باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار کا دورہ پاکستان اور چین کے درمیان جاری اعلی سطح روابط کا تسلسل ہے، وزیر اعظم کا قائم کردہ سفارتی وفد بھی مختلف ممالک کا دورہ کرے گا، بلاول بھٹو زرداری وفد کی قیادت کریں گے، وفد مختلف ممالک میں اعلی عہدیداروں سے ملاقات کرے گا، وفد بھارتی جھوٹے بیانیہ کو بے نقاب کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں