مریم نواز نے صوبے میں نئے ٹیکس لگانے کی تجویز مسترد کر دی

لاہور(آئی این پی )وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے صوبے میں نئے ٹیکس لگانے کی تجویز مسترد کر دی ہے۔ذرائع کے مطابق منسٹریل کمیٹی نے پنجاب بجٹ سے متعلق سفارشات وزیر اعلی مریم نواز کو پیش کر دیں، وزیر اعلی نے بجٹ میں نئے ٹیکس لگانے کی تجویز مسترد کر دی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز نے دس مرلے اور اس سے اوپر کے گھروں پر مزید 2 فی صد ٹیکس عائد کرنے کی سفارش مسترد کی ہے، موٹر وہیکل ٹیکس میں بھی 2 فی صد اضافے کی تجویز مسترد کر دی گئی ہے۔پنجاب منسٹریل کمیٹی نے سفارش پیش کی ہے کہ کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ کے استعمال پر ٹیکس کی شرح 5 سے بڑھا کر 8 فی صد کی جائے، تاہم وزیر اعلی پنجاب نے کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ کے استعمال پر ٹیکس کی شرح 5 سے 8 فی صد کرنے کی سفارش کو مسترد کر دیا۔وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ جو لوگ ٹیکس کے دائرے کار سے باہر ہیں ان کو ٹیکس نیٹ کے دائرے کار میں لایا جائے۔ دوسری جانب وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے آئندہ مالی سال کے بجٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کا بجٹ کل 13 جون کو پیش کیا جائے گا، جو ایک پرو پبلک اور ٹیکس فری بجٹ ہوگا، ٹیکس نیٹ کو بڑھایا جائے گا لیکن عوام پر نیا ٹیکس نہیں لگائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں